اسلام ٹائمز۔ نامعلوم شرپسند عناصر نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے دو مزدوروں کو قتل کر دیا۔ کمشنر مکران ڈویژن سعید احمد عمرانی کے مطابق نامعلوم افراد نے ایک گھر میں تعمیراتی کام کرنے والے دو مزدوروں کو گولیاں مار کر قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ مقتولین کی شناخت محمد شاہد ولد محمد صدیق اور نعیم احمد ولد محمد حنیف کے نام سے ہوئی ہیں۔ جن کا تعلق پنجاب کے ضلع فیصل آباد سے بتایا جاتا ہے۔ لاشیں سول ہسپتال تربت لائی گئیں ہیں۔ جہاں ضابطے کی کارروائی جاری ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نام نہاد دہشت گردوں نے دو معصوم پاکستانیوں کو شہید کیا۔ معصوم افراد کو شناخت کی بنیاد پر شہید کیا گیا ہے۔ واقعہ قابل مذمت ہے۔ بلوچستان حکومت غم کی اس گھڑی میں مظلوم بے گناہ اور نہتے مزدوروں کے پسماندگان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں، ان کے مالی و نظریاتی مدد گاروں کو کیفر کردار تک پہنچ کر دم لیں گے۔