0
Tuesday 30 Apr 2024 09:08

متعدد امریکی و اسرائیلی بحری جہازوں کو کامیابی کیساتھ نشانہ بنایا ہے، یمن

متعدد امریکی و اسرائیلی بحری جہازوں کو کامیابی کیساتھ نشانہ بنایا ہے، یمن
اسلام ٹائمز۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیی السریع نے اعلان کیا ہے کہ ہم نے بحیرہ احمر میں امریکی و اسرائیلی دشمن کے متعدد جنگی و تجارتی بحری جہازوں کے خلاف کامیاب مزاحمتی آپریشن انجام دیا ہے۔

اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ ان بحری جہازوں میں 2 امریکی ڈسٹرائر بھی شامل ہیں کہ جنہیں متعدد ڈرون طیاروں کی مدد سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
 
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اس مزاحمتی آپریشن نے اپنے اہداف کو کامیابی کے ساتھ حاصل کیا ہے، جنرل یحیی سریع نے وضاحت کی کہ ہماری بحری، میزائل و ہوائی فورسز نے بحیرہ احمر میں سائکلیڈز (CYCLADES) نامی بحری جہاز کے خلاف مشترکہ آپریشن انجام دیا ہے جبکہ سائکلیڈس کو نشانہ بنانے کا یہ واقعہ 21 اپریل کے روز اس کی جانب سے امل الراشش (مقبوضہ ایلات) کی بندرگاہ کے لئے روانگی کے بعد انجام پایا ہے کہ جب اس بحری جہاز نے فریبکاری سے کام لیتے اور خفیہ طریقہ کار استعمال کرتے ہوئے یہ دعوی کیا تھا کہ وہ کسی دوسری بندرگاہ کے لئے روانہ ہو رہا ہے!

اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ سائکلیڈز نامی بحری جہاز یمنی فورسز کی مکمل نگرانی و تعاقب میں تھا، یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ اسے بارہا خبردار کیا گیا تھا کہ وہ مقبوضہ فلسطین کی بندرگاہوں کے لئے روانہ نہ ہو تاہم سائکلیڈز اس حکم کی خلاف ورزی کرتا رہا جس کے سبب وہ ہماری فورسز کے آپریشنل ایریا کے اندر، ممنوع قرار دیئے گئے اہداف میں شامل ہو گیا۔

عرب چینل المسیرہ کے مطابق، جنرل یحیی سریع نے مزید اعلان کیا کہ ہم نے بحر ہند میں اسرائیلی بحری جہاز ایم ایس سی اورین (MSC ORION) کو بھی متعدد ڈرون طیاروں کے ساتھ نشانہ بنایا ہے۔

یہ بیان کرتے ہوئے کہ یمنی مسلح افواج کی کارروائیاں اس وقت تک نہیں رکیں گی جب تک کہ غزہ کی پٹی کی غیر انسانی ناکہ بندی اور فلسطینیوں کے خلاف جاری انسانیت سوز جارحیت ختم نہیں ہو جاتی، انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے عظیم عوام و آزاد انسانوں کی بھرپور حمایت کے ساتھ فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت اور وطن عزیز یمن کے دفاع میں اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھیں گے!

-
خبر کا کوڈ : 1132063
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

مربوطہ فائل
ہماری پیشکش