0
Friday 3 May 2024 15:28

خضدار میں دھماکہ، پریس کلب کے صدر جانبحق، متعدد افراد زخمی ہو گئے

خضدار میں دھماکہ، پریس کلب کے صدر جانبحق، متعدد افراد زخمی ہو گئے
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے شہر خضدار میں دھماکہ سے پریس کلب کے صدر جانبحق، جبکہ 9 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق خضدار میں نامعلوم شرپسند عناصر کی جانب سے چمروک کے علاقے میں خضدار پریس کلب کے صدر مولانا صدیق مینگل کی گاڑی کو دھماکے نشانہ بنایا گیا ہے۔ جس میں صدیق مینگل جانبحق، جبکہ 9 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی چیئرمین سیدال خان نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد امن اور جمہوریت کے دشمن ہیں اور ملک کا امن خراب کرنے کی کسی مذموم سازش کوکامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اس طرح کی بزدلانہ تخریبی کارروائیوں سے ملک اور بالخصوص بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دھماکے میں زخمی افراد کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔

وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء لانگو نے دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت کی آزادی رائے کے دن پریس کلب کے صحافی کو مارنا صحافت کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے۔ ضلع انتظامیہ تمام زخمیوں کو صحت کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ دہشت گردوں کا کوئی ایمان نہیں ہے۔ معصوم اور نہتے لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے بھی واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحافت کے عالمی دن سینئر صحافی کا قتل حکومتی مشینری کے منہ پر طمانچہ ہے۔ حکومت کے اپنی عوام کو تحفظ کے دعوے زبانی جمع خرچ کے علاوہ کچھ نہیں۔ ملک میں آزادی صحافت کا گلا گھونٹا جا رہا ہے۔ جس پر صحافی برادری ہرگز خاموش نہیں رہ سکتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی اور آئی جی پولیس واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لائیں۔ بصورت دیگر ملک گیر احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 1132645
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش