اسلام ٹائمز۔ صوبہ سندھ کے شہر میرپورخاص کے گندے پانی میں پولیو وائرس ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ سندھ کے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 2 اپریل کو میرپورخاص کے نکاسی آب کے نالے سے پانی کے سیمپل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف اسلام آباد جانچ کیلئے بھیجے گئے تھے۔ محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ یہ سیمپل رنگ روڈ پر پران نامی نکاسی آب کے نالے سے لیا گیا تھا، جس میں اس سال ضلع میں پولیو وائرس کا پہلا مثبت نمونہ سامنے آیا ہے۔ ڈی ایچ او ڈاکٹر جے رام کا کہنا ہے کہ ضلع پولیو سے پاک ہے، پولیو سے متعلق ماحولیاتی معائنہ چلتا رہتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ میرپورخاص کے گندے پانی میں پایا جانے والا وائرس کراچی میں ملنے والے نمونے سے ملتا جلتا ہے۔