اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزرا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے تاکہ قوم کو پتہ چلنا چاہیے اسپانسر کون تھے اور کس نے عمل درآمد کرایا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے اختلافات ہوسکتے ہیں، سب لوگوں نے ماضی میں کئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا احتساب کرناہے تو 2014 سے شروع کر لیں، 2013 میں جو سازش تیار ہوئی، اس کا ہدف نواز شریف تھے۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ تاریخ میں پہلی بار آرمی چیف کی تعیناتی کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی، تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کو بحرانوں میں دھکیلا۔ انہوں نے کہا کہ ایبسلوٹلی ناٹ کہنے والے اب امریکی سفیر سے مل رہے ہیں اور منتوں پر اتر آئے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی بہنیں کور کمانڈر ہاؤس کے باہر کیا کر رہی تھیں؟، آرمی چیف کی تقرری متنازع بنانے کی کوشش کی گئی، پی ٹی آئی حکومت نے ملک کو بحرانوں کا شکار کیا۔