0
Thursday 9 May 2024 18:02

پاکستان علماء کونسل کا 10 مئی کو یوم استحکام پاکستان منانے کا اعلان

پاکستان علماء کونسل کا 10 مئی کو یوم استحکام پاکستان منانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان علماء کونسل سانحہ 9 مئی کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین سانحہ قرار دیتی ہے اور عدلیہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ بلاتاخیر سانحہ 9 مئی کے مجرمین کو سزا دی جائے اور بے گناہ لوگوں کو رہا کیا جائے۔ جمعۃ المبارک 10 مئی کو پورے ملک میں یوم استحکام پاکستان منایا جائے گا۔ خطبات جمعہ میں علماء و مشائخ مذہبی قائدین پاکستان کی سلامتی و استحکام اور وحدت کیلئے پاک فوج اور قوم کے درمیان اتحاد کے عنوان پر خطبات جمعہ دیں گے اور 9 مئی کے واقعات کی بھرپور مذمت کی جائے گی۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ زبیر عابد، مولانا محمد اسلم صدیقی، مولانا عبدالحکیم اطہر، مولانا پیر خلیل ابراہیم، مولانا مفتی سید نسیم الاسلام، مولانا قاری مبشر رحیمی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، افسوس کی بات ہے کہ عدلیہ نے ابھی تک ان مجرموں کو بھی سزا نہیں دی جن کے بارے میں شواہد مکمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تحقیق چاہتے ہیں اور ضرور تحقیق ہونی چاہیے کہ قوم اور فوج میں تقسیم پیدا کرنے، ملک میں انتشار پیدا کرنے، سیاست میں تشدد کو لانے والے اسباب اور عناصر کون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غلطیوں پر معافی مانگنا یا معذرت کرنا بڑے لوگوں کی نشانی ہوتی ہے۔ تحریک انصاف کی قیادت سے یہ کہیں گے کہ وہ ضد کی بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔ 9 مئی کو جن لوگوں نے گھرائو، جلائو کیا وہ قومی مجرم ہیں۔ کیا اس بات کی اجازت دی جا سکتی ہے کہ کوئی بھی گروہ، جماعت یا فرد ملک کی حساس اور دفاعی تنصیبات کو آ گ لگا دے، ان کو تباہ کر دے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک معاشی بہتری کی طرف آگے بڑھ رہا ہے اور اس کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے، لہذا قومی قیادت کو اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے آگے آنا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 1133881
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش