0
Friday 10 May 2024 16:05

ڈاکٹر عافیہ جلد رہا ہو سکتی ہیں، سابق سینیٹر مشتاق احمد

ڈاکٹر عافیہ جلد رہا ہو سکتی ہیں، سابق سینیٹر مشتاق احمد
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے رہنما و سابق سینیٹر مشتاق احمد نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ جلد رہا ہو سکتی ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس کی سماعت کے بعد سابق سینیٹر مشتاق احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہر سماعت کے بعد ہمارے پاس نئے راستہ سامنے آتے ہیں، عافیہ صدیقی کیس کے وکیل عمران شفیق کافی بہادری اور جوان مردی سے کیس لڑرہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے سامنے روشنی بڑھتی جارہی ہے، ڈاکٹر عافیہ جلد رہا ہو سکتی ہیں، ثابت ہو گیا ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی چابی اسلام آباد میں بیٹھے حکمرانوں کے پاس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران اور وزارت خارجہ سنجیدہ ہوں، عدالت اور وکلا کی جانب سے بہت تجاویز سامنے آچکی ہیں، امریکا میں الیکشن ہونے جارہے ہیں، آئندہ 5، 6 ماہ بہت اہم ہیں، عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے ان 5، 6 ماہ میں بہت کام ہوسکتا ہے۔
 
سینیٹر مشتاق نے کہا کہ امریکی صدر کے پاس بھی اختیار ہوتا ہے کہ وہ کسی کی سزا معاف کردے، ماضی میں امریکا نے ایران اور روس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ کیا ہے، یہ بہت ہی آسان طریقہ ہے جس کا کوئی نقصان بھی نہیں ہے، اصل مسئلہ ہمارے حکمرانوں کی غیر سنجیدگی کا ہے۔ انہوں نے تنبیہ دی کہ میں خبردار کرتا ہوں اگر حکمرانوں نے یہ وقت ضائع کیا تو عوام موجودہ حکومت کو کبھی معاف نہیں کرے گی، وفاقی حکومت اقدامات سے ثابت کرے وہ اس عمل میں سنجیدہ ہیں، میں خود امریکا جارہا ہوں، کوشش ہے امریکی عوام، اوورسیز پاکستانیوں اور میڈیا کے ذریعے ایک رہائی کا ماحول بنایا جائے گا۔ سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ کی قید کو 21 سال گزر چکےُ ہیں، وہ انتہائی مشکل حالات میں ہیں، ڈاکٹر عافیہ امریکا کی بدنام زمانہ جیل میں قید ہیں جو ہرقسم کے تشدد کے لیے مشہور ہے، عوام ہمارا ساتھ دے، آٹھ کھڑے ہوں تو آئندہ 5، 6 ماہ میں رہائی ممکن ہوسکتی ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 1134085
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش