0
Friday 17 May 2024 15:35

دنیا میں آنیوالے انقلابات، امامت اور قیادت کی بنیاد کتاب ہے، پروفیسر ابراہیم خان

دنیا میں آنیوالے انقلابات، امامت اور قیادت کی بنیاد کتاب ہے، پروفیسر ابراہیم خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ دنیا میں آنے والے انقلابات، امامت اور قیادت کی بنیاد کتاب ہے۔ پیرس اور لندن جب تاریکی میں ڈوبے ہوئے تھے اس وقت قرطبہ کے جامعات میں یورپ کے لوگ علم کے حصول کے لیے آتے تھے، تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی بہت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ پشاور کے پیوٹا ہال میں اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پشاور کے زیر اہتمام تیرہویں تین روزہ بک فیئر (کتاب میلے) کے افتتاح کے بعد شرکاء سے اپنے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کے ناظم آفتاب عالم، ناظم کیمپس تقویم الحق، طلباء اور اساتذہ بھی موجود تھے۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے بک فیئر کے پہلے روز فیتا کاٹ کر افتتاح کیا اور بعد ازاں بک اسٹالز کا بھی دورہ کیا۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ امت مسلمہ کتاب سے رشتہ جوڑ لے تو مسلمان نہ صرف ترقی کرسکتے ہیں بلکہ دنیا کی امامت بھی اپنے ہاتھ میں لے سکتے ہیں۔ بک فیئر کے انعقاد پر اسلامی جمعیت طلبہ کی پوری قیادت کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت کتاب کے ساتھ طلباء و طالبات کے تعلق کو جوڑنے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے، درحقیقت دنیا کی امامت سے امریکہ اور مغرب کی امامت اور قیادت کا خاتمہ ہونے والا ہے، غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 35 ہزار سے زائد افراد نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں غزہ کھنڈرات میں تبدیل ہو چکا ہے، امت مسلمہ قیادت اور امامت کے لیے خود کو تیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ طبعی اور عمرانی علوم کی بنیاد وحی پر ہو تو یہ انسانیت کے لیے خیر کاباعث بنتا ہے، سائنسی علوم کی بنیاد سے وحی کو نکالا گیا تو جہاں اس نے انسانیت کی خدمت کی، وہاں تباہی و بربادی کا سامان بھی تیار کیا۔انھوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے استعمال نے کتاب کے مطالعہ کا ذوق و شوق کچھ کم کردیا ہے لیکن کتاب کی اہمیت اپنی جگہ برقرار ہے۔ کتاب سے تعلق اور مطالعے کے شوق کو پروان چڑھانے کے لیے اسلامی جمعیت طلبہ کتاب میلوں اور دیگر تعلیم دوست سرگرمیوں کا انعقاد کرتی ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 1135693
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش