0
Saturday 18 May 2024 15:26

نیشنل کانفرنس لوگوں کو آپس میں لڑانا چاہتی ہے، وحید الرحمن پرہ

نیشنل کانفرنس لوگوں کو آپس میں لڑانا چاہتی ہے، وحید الرحمن پرہ
اسلام ٹائمز۔ ضلع اننت ناگ کے لال چوک میں جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی جانب سے ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت پارٹی کے یوتھ صدر اور پارٹی کے سرینگر پارلیمانی نشست کے امیدوار وحید الرحمن پرہ نے کی۔ ان کے ہمراہ پی ڈی پی کے کئی سینئر لیڈر اور ورکرز کی بڑی تعداد موجود رہی۔ ریلی کی شروعات اننت ناگ کے گھنٹہ گھر، لال چوک سے کی گئی جہاں پر موجود ورکرز سے وحید الرحمان پرہ نے خطاب کیا اور اس کے بعد ریلی کی صورت میں پیدل پیش قدمی بھی کی گئی۔ ریلی سے قبل وحید الرحمن پرہ نے بابا حیدر ریشی عرف ریشی مول صاحب (رہ) کی درگاہ پر حاضری دی۔ اننت ناگ - راجوری پارلیمانی نشست پر 25 مئی کو انتخابات ہوں گے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے وحید الرحمن پرہ نے کہا کہ لوگ جانتے ہیں سب سے زیادہ سختی پی ڈی پی پر کی گئی، کیونکہ پی ڈی پی واحد ایک ایسی سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ بھارتی حکومت کے خلاف اپنی آواز بلند کی ہے۔ اس لئے لوگ بخوبی سمجھتے ہیں کہ پی ڈی پی سے بہتر اور کوئی آواز نہیں ہو سکتی جو پارلیمنٹ میں عوام کی بہتر نمائندگی کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اننت ناگ ایک ایسا ضلع ہے جہاں سے مرحوم مفتی محمد سعید نے اپنے سیاسی سفر کی شروعات کی تھی۔ اس لئے پارٹی کو یہاں کے لوگوں سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2019ء کے بعد جو حالات پیدا ہوئے اس سے یہاں کی عوام کا دم گھٹ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر اس وقت سخت حالات سے گزر رہا ہے، لوگوں کی آواز دب رہی ہے اور اس وقت یہاں کی عوام کو ایک ایسی آواز کی ضرورت ہے جو بھارت کے ایوانوں میں گونجے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ڈی پی کا یہی منشور ہے کہ وہ عوام کو اس دلدل سے باہر نکالے۔ انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس گھٹن اس خاموشی کو ختم کرنے کے لئے لوگ پی ڈی پی کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی امن و امان، جمہوری نظام اور آئین پر یقین رکھتی ہے۔ پی ڈی نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے اور چاہا ہے کہ بات چیت کے ذریعے تمام مسائل کا حال ہو، پی ڈی پی چاہتی ہے کہ نوجوان اس جمہوری عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ووٹ کی طاقت ان کے مسائل کے حل کا سبب بن سکے۔ وحید پرہ نے کہا کہ ایسے حالات میں یکجہتی کی ضرورت تھی تاہم نیشنل کانفرنس اپنے سیاسی مفادات کی خاطر فرقہ پرستی کو ہوا دے رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1135919
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش