0
Sunday 19 May 2024 08:53

مقبوضہ کشمیر، نام نہاد انتخابات سے قبل سکیورٹی انتظامات مزید سخت

مقبوضہ کشمیر، نام نہاد انتخابات سے قبل سکیورٹی انتظامات مزید سخت
اسلام ٹائمز۔ نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے بارہمولہ، کپواڑہ، بانڈی پورہ اور بڈگام اضلاع میں بھارتی پارلیمانی انتخابات کے ایک اور مرحلے سے قبل نام نہاد سکیورٹی کی آڑ میں پابندیاں مزید سخت اور بھارتی فوجیوں کی اضافی نفری تعینات کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ان اضلاع پر مشتمل بارہمولہ پارلیمانی حلقے میں 20مئی کو پانچویں مرحلے میں پولنگ ہو گی۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر گہری نظر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ ان سخت حفاظتی اقدامات کا اصل مقصد کشمیریوں کو ڈرا دھمکا کر ہندوتوا بی جے پی کی اتحادی جماعتوں کو ووٹ دینے پر مجبور کرنا ہے۔ واضح ر ہے کہ بی جے پی نے ذلت آمیز شکست کے خوف سے وادی کشمیر میں براہ راست اپنے امیدوار کھڑے نہیں کئے ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو اپنے والد میر واعظ مولوی محمد فاروق شہید کی برسی کے سلسلے میں آج سرینگر کے علاقے راجوری کدل میں منعقدہ ایک پروگرام میں شرکت سے روک دیا گیا ہے۔ ممتاز آزادی پسند رہنمائوں میر واعظ مولوی محمد فاروق شہید،خواجہ عبدلغنی لون شہید اور شہدائے حول کے یوم شہادت کے موقع پر 21مئی بروز منگل مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم عوامی مجلس عمل نے سرینگر سے ایک بیان میں شہید رہنمائوں اور شہدائے حول کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ 

دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے ایک بیان میں حریت رہنمائوں اور کارکنوں سمیت ہزاروں نظربند کشمیریوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ انکی رہائی کے لیے کردار ادا کرے۔ ترجمان نے کہا کہ قابض بھارتی حکام نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی اور دیگر کو جھوٹے مقدمات میں قید کر رکھا ہے تاہم وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے علمبردار ہونے کے ناطے اپنی منصفانہ جدوجہد کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1136055
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش