0
Saturday 28 Jan 2012 23:23

قوم ملکی سلامتی اور تحفظ کیلئے ایک ہو جائے، مولانا سمیع الحق

قوم ملکی سلامتی اور تحفظ کیلئے ایک ہو جائے، مولانا سمیع الحق
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ و چیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ ملک کو اندرونی اور بیرونی خطرات کا سامنا ہے، قوم ملکی سلامتی اور تحفظ کیلئے ایک ہو جائے اور دفاع پاکستان کونسل میں شامل ہو جائے، یہ بات انہوں نے ملتان میں جے یو پی کے رہنماء ایوب مغل کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر دفاع پاکستان کونسل کے چیف کوآرڈنیٹر جنرل ریٹائرڈ حمید گل، سربراہ اہلسنت و الجماعت محمد احمد لدھیانوی، سربراہ جماعت الدعوة حافظ محمد سعید، صابر حسین ڈھلوں، مولانا فضل الرحمان خلیل اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے، مولانا سمیع الحق نے کہا کہ اس ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، حکومت اور اپوزیشن کے لوگوں کو بھی ہم نے دفاع پاکستان کونسل میں شمولیت کی دعوت دی تھی کیونکہ امریکہ اور بڑی طاقتوں نے جو صلیبی جنگ ہم پر مسلط کی ہے وہ اب افغانستان سے نکال کر ہم پر مسلط کر رہے ہیں اور امریکہ اب پاکستان کو افغانستان بنانا چاہتا ہے، انہوں نے کہا کہ دوسری طرف بھارت بھی آ رہا ہے جو ہمیں کشمیر اور ہمارے پانی سمیت ہمیں نقصان پہنچا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک اور قوم کی حفاظت کریں، اس دفاع پاکستان کونسل میں دیو بندی اور بریلوی میں کوئی جھگڑا نہیں ہے اور اس میں بہت سی دینی اور سیاسی جماعتیں جے یو آئی، جے یو پی، جماعت اسلامی، جماعت الدعوة، عوامی مسلم لیگ اور دیگر شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت نے اگر نیٹو کی سپلائی بحال کرنے کی کوشش کی تو ہم اس کی مذاحمت کرینگے اور کراچی سے سپلائی شروع ہوتے ہی اس میں رکاوٹ ڈالیں گے، انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو سڑکوں پر لائیں گے، دھرنے دینگے اور پارلیمنٹ کا گھیرائو کرینگے، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کے کوئی سیاسی عزائم نہیں ہیں تاہم اس میں شامل جماعتیں آئندہ الیکشن میں اپنی اپنی پارٹی کی بنیاد پر حصہ لینے میں آزاد ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم پہلے ملک کو صاف کرنا چاہتے ہیں، امریکہ جو اس خطے میں بیٹھا ہوا ہے اور وہ طاقتیں جو پاکستان کنٹرول کر رہی ہیں ہم نے ان سے پاکستان کو نجات دلانی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے نواز شریف اور عمران خان کے پاس بھی دفاع پاکستان کونسل میں شمولیت کیلئے وفد بھیجے تھے، تاہم وہ شامل نہیں ہوئے، ان کی اپنی پالیسیاں ہیں تاہم ہم یہ نہیں کہتے کہ وہ محب وطن نہیں ہیں، میں انہیں ایک بار پھر دفاع پاکستان کونسل میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں، مولانا سمیع الحق نے کہا کہ آرمی ہمارے پیچھے کیوں لگے گی اس کا کام ہے آگے بڑھے اور اپنی ذمہ داریاں دفاع پاکستان کے حوالے سے پوری کرے، اس موقع پر کالعدم جماعت الدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ تحریکوں میں حالات کا دخل بہت ہوتا ہے، کشمیر کی جو تحریک ہے اس میں عسکریت تھی، اب سیاسی جدوجہد بھی شامل ہو گئی ہے، کشمیر کی آزادی کی تحریک مئوثر ہے اور آگے بڑھ رہی ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کیخلاف پروپیگنڈہ کرتا رہتا ہے کیونکہ وہ پاکستان کا دشمن ہے۔
خبر کا کوڈ : 133805
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش