0
Monday 20 Feb 2012 20:28

پاراچنار خود کش حملہ، یوتھ آف پاراچنار کا لاہور میں احتجاجی مظاہرہ

پاراچنار خود کش حملہ، یوتھ آف پاراچنار کا لاہور میں احتجاجی مظاہرہ
 اسلام ٹائمز۔ یوتھ آف پاراچنار اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام پاکستان کے حساس قبائلی علاقے کرم ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر پاراچنار میں جمعتہ المبارک کو ہونیوالے خود کش بم دھماکے میں 42 افراد کی شہادت کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین میں طالبات بھی موجود تھیں۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ انہوں نے امریکہ، طالبان اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ 

پاراچنار سے تعلق رکھنے والے طلبا کی تنظیم یوتھ آف پاراچنار کے کارکنوں نے شہدا کی شہادت کا ذمہ دار امریکہ اور طالبان کو قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ خودکش حملے کے بعد احتجاج کرنے والے عوام پر فوج اور ایف سی کے اہلکاروں کی فائرنگ کا نوٹس لے کر ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔

انہوں نے کرم ایجنسی کے خراب حالات کا ذمہ دار حساس اداروں کو قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت علاقے میں امن قائم کرنے کے لئے فوج اور ایف سی اہلکاروں کو ہٹا کر بنگش اور طوری رضاکاروں کو چیک پوسٹوں پر تعینات کرے۔ جنہوں نے 2008 سے ٹل پاراچنار روڈ بند ہونے کے باوجود حالات کو قابو میں رکھا۔ اور کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔ لیکن 4 ماہ سے روڈ کھلا ہے تو ایف سی اور فوج کے ذمے سکیورٹی ہونے کی وجہ سے دہشت گردی کے واقعات رونما ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ 

یو تھ آف پاراچنار کے رہنماوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت good اور bad طالبان کی اصطلاح سے عوام کو بیوقوف نہ بنائے۔ حکومتی سرپرستی میں خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والے نام نہاد گوڈ طالبان کمانڈر فضل سعید گروپ کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ خود کش حملے کے شہدا اور زخمیوں پر فائرنگ کرنے والے اور احتجاجی نوجوانوں پر ٹینک چڑھانے کے مرتکب سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کا کورٹ مارشل کیا جائے۔ یوتھ آف پاراچنار کے رہنماوں نے سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کے اعلان کے مطابق پاراچنار میں فاٹا میڈیکل کالج، تدریسی اسپتال کی تعمیر اور پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ مظاہرین نے دھمکی دی ہے کہ اگر پاراچنار میں قتل و غارت اور ریاستی جبر کا سلسلہ جاری رہا تو آئندہ احتجاجی ریلی اور دھرنا جی ایچ کیو کے باہر دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 139389
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش