0
Monday 28 May 2012 00:14

نیٹو سپلائی روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے، حافظ سعید

نیٹو سپلائی روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے، حافظ سعید
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ لاکھوں مسلمانوں کے قاتل امریکہ اور نیٹو فورسز کے لئے سپلائی بحال کرنا پاکستان کے ہاتھ پاؤں باندھ کر امریکی غلامی میں دھکیلنے کے مترادف ہے۔ نیٹو فورسز کی سپلائی کے بہانے افغانستان پہنچایا جانے والا اسلحہ بلوچستان میں ہمارے ہی خلاف استعمال ہو رہا ہے، پاکستان میں مہنگائی اور بدامنی کا سبب امریکہ اور نیٹو فورسز کی خطے میں موجودگی ہے، بھارتی ایجنسیاں بلوچ قبائل میں عصبیت کا زہر گھول رہی ہیں، بلوچ نوجوان بھارتی پروپیگنڈے کے اثرات زائل کرنے کے لیے تعمیری کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ الدراسات گلشن اقبال میں المحمدیہ اسٹوڈنٹس کے زیر اہتمام مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بلوچ نوجوانوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حافظ محمد سعید نے بلوچستان کے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی خطے میں ایک اسلامی ریاست کے قیام میں بلوچوں کا بہت بڑا کردار ہے، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں کے محمد بن قاسم کے ساتھ مل کر مکران سے جہاد شروع کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ دین اخوت کا درس دیتا ہے جبکہ لسانی و علاقائی عصبیت نے ہمیشہ امت مسلمہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ انھوں نے بلوچ نوجوانوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ایجنسیاں اس وقت بلوچ قبائل میں عصبیت کا زہر بھر رہی ہیں امریکہ اور بھارت مشرقی پاکستان جیسی صورتحال پیدا کرکے بلوچستان کو پاکستان سے کاٹنے کی سازش کر رہے ہیں۔

حافظ محمد سعید نے کہا کہ بلوچ نوجوان دینی تعلیمات کے ذریعے تعمیری سرگرمیوں میں حصہ لے کر دشمن کی سازشوں کے اثرات زائل کریں۔ جب تک جسم میں خون کا آخری قطرہ تک موجود ہے حق اور سچ بات کہتے رہیں گے۔ بلوچستان میں بھارتی و امریکی مداخلت قبول نہیں۔ دفاع پاکستان بھی دفاع اسلام ہے، یہ دو الگ چیزیں نہیں ہیں پاکستان پر آج اللہ کے دشمن مشرق اور مغرب سے سازشوں کے ذریعے نقصان پہنچانے کے درپے ہیں، دفاع پاکستان کونسل قوم کو پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں سے آگاہ رکھنے اور دفاع پاکستان کے لیے بنائی گئی ہے۔ امریکہ افغانستان میں شکست کا انتقام پاکستان سے لینا چاہتا ہے۔ بلوچستان میں علیحدگی کی تحریک منظم کرنا اور امریکہ میں بلوچستان کی علیحدگی کی قرارداد پیش کرنا اسی انتقام کا حصہ ہے ۔ انڈیا جو کام بلوچستان لبریشن آرمی کے نام سے کر رہا تھا امریکہ پاکستان دشمنی میں اس سے بھی آگے نکل چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں آج امریکہ و بھارت سے دوستیوں کے صلے مل رہے ہیں، کراچی میں اترنے والا امریکی سامان خیبر پختونخواہ و بلوچستان سے کابل و قندھار پہنچایا گیا اور پھر اسے پاکستان میں تخریب کاری و دہشت گردی کیلئے استعمال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام مسلمان بھائی بھائی ہیں ہمیں پنجابی و بلوچی کا فرق مٹا کر دینی اخوت کا مظاہرہ کرنا ہے اور اسلام و پاکستان کے دفاع کیلئے متحد و بیدار ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا واضح مؤقف ہے کہ لاکھوں مسلمانوں کی قاتل نیٹو فورسز کیلئے سپلائی بحال کرنا ملکی سلامتی و خودمختاری کا سودا کرنے کے مترادف ہے۔ ڈالروں کی خاطر افغان بھائیوں کے قتل عام کیلئے سہولیات فراہم کرنا اسلامی شریعت میں کسی صورت جائز نہیں۔ وطن عزیز کو امریکی کالونی نہ بنایا جائے۔ نیٹو سپلائی مستقل بند کی جائے۔ ہماری یہی وہ باتیں ہیں جن سے امریکیوں کو سخت تکلیف اور پریشانی ہے۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ امریکہ سے دو ٹوک انداز میں بات کریں اور بھارت و امریکہ کو واضح انداز میں پیغام دیا جائے کہ وہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنا چھوڑ دیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی سوچ و فکر سے عاری ہوچکے ہیں ان کی اپنی کوئی معلومات نہیں ہیں، انڈیا ہمارے خلاف جو غلط اور مذموم پروپیگنڈہ کرتا ہے امریکہ اسے خوش کرنے کیلئے وہی الزامات دہرانا شروع کر دیتا ہے۔ اسی امریکہ کو کل تک اسرائیل عربوں کے خلاف استعمال کرتا رہا آج وہ انڈیا کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے۔ امریکہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کرکے بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اصل حقیقت یہ ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی اسلام دشمنی میں اندھے ہوچکے ہیں۔ ایسے ہتھکنڈے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر اختیار کئے جارہے ہیں۔

حافظ محمد سعید نے کہا کہ نیٹو سپلائی میں اسلحہ نہ لے جانے کی بات بہت بڑا دھوکہ اور عوام کو مطمئن کرنے کیلئے ہے، افغانستان میں انسانیت سوز مظالم میں ملوث نیٹو افواج کی کسی بھی نوعیت کی مدد نہ کی جائے۔ نیٹو سپلائی بحالی کی باتیں کرنے والی سیاسی پارٹیاں امریکہ کے ساتھ کھڑی ہیں ان حالات میں ملک کا دفاع کرنا ہر شہری کا فرض بن جاتا ہے۔ اٹھارہ کروڑ عوام اس ملک کو امریکی غلامی سے نکالنے کیلئے کردار ادا کریں۔ نیٹو سپلائی روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے، جو لوگ پاکستان کی سالمیت کو داؤ پر لگا رہے ہیں عوام انہیں مسترد کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکمران قومی و نظریاتی سرحدوں کی پاسبانی کا حق ادا کریں۔ نیٹو سپلائی بحالی کا فیصلہ پاکستان کے کروڑوں عوام کی امنگوں کے خلاف ہے۔ انسانی ہمدردی کے تحت سپلائی کھولنے کی باتیں کرنے والوں کو امریکیوں کی طرف سے شہید کئے گئے سات لاکھ افغان بھائیوں اور ان کے لواحقین سے ہمدردی کیوں نہیں ہے۔ ملکی و قومی مفادات کو قربان نہیں ہونے دیں گے۔ دفاع پاکستان کونسل کنٹینرز اور گڈز ٹرانسپورٹ کے مالکان، ڈرائیورز، ہیلپرز اور مزدوروں سے اپیل کرتی ہے کہ وہنیٹو فورسز کے ساز و سامان کی ترسیل میں حصہ لینے سے انکار کردیں۔ افغان بھائیوں کے قتل عام کیلئے دشمن ملک کی سپلائی بحال کرنا اسلامی احکامات کی سخت خلاف ورزی ہے۔ اسلام مسلمانوں کا قتل عام کرنے والے ظالموں کی سپلائی بند کرنے کا حکم دیتا ہے۔ یہ انسانی ہمدردی نہیں انسانیت کا قتل ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو نیٹو کنٹینرز گزرنے سے سڑکوں کے ٹوٹنے کی بہت فکر ہے مگر افغان بھائیوں کے قتل عام کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ حکمران نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ کے سلسلہ میں قائم اتحاد سے باہر نکل آئیں پاکستانی قوم اسلام و پاکستان کے دفاع کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہانے کو تیار ہے۔ امریکی دوستی پر فخر کرنے والے اس بات کو یاد رکھیں کہ امریکہ نے کبھی کسی سے وفاداری نہیں کی۔ عوام نیٹو سپلائی بحالی کے فیصلے کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ نیٹو سپلائی لائن بحال نہ کئے جانے سے متعلق ہم اپنے موقف پر قائم ہیں۔ امریکی دباؤ پر ایسا کیا گیا تو یہ اجتماعی خودکشی کے مترادف ہوگا، ملک بھر کی مذہبی و سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں کرکے نیٹو سپلائی لائن کی بحالی کے خلاف تحریک مزید مضبوط کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ نیٹو سپلائی روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے، جو لوگ پاکستان کی سالمیت کو داو پر لگا رہے ہیں عوام انہیں مسترد کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور بھارت کی دھمکیوں کی پرواہ نہیں۔
خبر کا کوڈ : 166132
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش