0
Sunday 2 Sep 2012 05:41

پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کے خلاف سازش اپنے عروج پر ہے، ڈاکٹر فاروق ستار

پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کے خلاف سازش اپنے عروج پر ہے، ڈاکٹر فاروق ستار
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کے خلاف سازش اپنے عروج پر ہے، مسلک اور فرقہ کے حوالے سے قائداعظم محمد علی جناح ؒ کا نظریہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، قائداعظم کے نظریہ کی تعبیر سے ہر خاص و عام آگاہ ہیں اور اس کے بر خلاف فرقہ واریت پاکستان اور قائداعظم کے قتل کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لال قلعہ گراؤنڈ عزیزآباد میں ایم کیو ایم کے زیر اہتمام اتحاد بین المسلمین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں کراچی سمیت ملک بھر کے جید علمائے کرام، مشائخ عظام اور ذاکرین نے شرکت کی۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ الطاف حسین کی بصیرت سے ہر خاص و عام آگاہ ہے اور وہ یہ محسوس کر رہے ہیں کہ آج پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کے خلاف سازش ہو رہی ہے اور ایسے موقع پر ایم کیو ایم نے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے دین اور مشائخ عظام کو مدعو کیا کیونکہ اتحاد بین المسلمین کے خلاف ہونے والی سازش دراصل پاکستان کی بقاء و سالمیت کے خلاف ہونے والی سازش ہے، پاکستان کی ریاست کو پارہ پارہ کرنے کی گھناؤنی سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کی اصل روح کو ہمیں اجاگر کرنا ہے اور اسی بنیاد پر عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کو قائم کرنا ہے۔ قائداعظم ؒ کے جمہوریت اور فلاحی پاکستان کو قائم کرنا ہے اور اسی سے ہماری بین الاقوامی، قومی اور مقامی شناخت بھی ہے، دنیا میں آج پاکستان اور مذہب اسلام کی ساکھ کو جس طرح نقصان پہنچایا گیا ہے اس حوالے سے غور و فکر کرنا ہے، اتحاد، اجماع کی کیا اہمیت ہے اسے اجاگر کرنا ہے۔ اس سازش کو مستقل بنیادوں پر ناکام بنانا ہے اور یہ اسی وقت کرسکتے ہیں جب ہم سازشیوں اور سازشی عناصر کو بے نقاب کریں اور ان کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں جو واقعات ہمارے سامنے آئے کہ عقائد، مسالک کی بنیاد پر پاکستانی شہریوں کا بہیمانہ قتل عام ہو رہا ہے، فرقہ، مسلک کے حوالے سے ان کی شناخت کرکے انہیں بسوں سے نکال کر مارا جا رہا ہے، ان کی مختلف بستیوں پر جس طرح حملے ہو رہے ہیں اور جس طرح ہمارے بھائیوں کا قتل عام ہو رہا ہے اس پر الطاف حسین یہ سمجھتے ہیں کہ قتل عام کرکے قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریہ کو قتل کیا جارہا ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین کانفرنس مسلمانوں کے اتحاد کیلئے نہیں بلکہ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلموں کو بھی پیغام دینے کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت کی بنیاد پر قتل و غارت گری فرمان الہیٰ، احکام قرآن اور اجتہاد کے خلاف سازش ہے یہ جبر دین میں کہاں سے مسلط کیا جارہا ہے؟ اپنی مرضی کا دین اور فکر مسلط کرنے کی یہ جو سازش کی جارہی ہے اسے سمجھنے کی کوشش کرنی چاہئے کہ آج کسی ایک مسلک کے خلاف سازش ہو رہی ہے تو کل کسی اور کے خلاف بھی ہوسکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 191958
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش