0
Wednesday 7 Nov 2012 21:44

فوج پاکستان کی سلامتی اور دفاع کی علامت ہے، نواز شریف

فوج پاکستان کی سلامتی اور دفاع کی علامت ہے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اسی میں ہے کہ ریاست کے تمام ستونوں اور اداروں میں مکمل ہم آہنگی رہے یہ مقصد اسی وقت حاصل ہوسکتا ہے جب آئین اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائے اور پاکستان کے مفاد کو ہر دوسری بات پر ترجیح دی جائے۔ لاہور سے جاری اپنے خصوصی بیان میں سربراہ مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ ماضی میں سب سے غلطیاں ہوئی ہیں، ان میں سیاستدان بھی شامل ہیں، جج بھی اور جرنیل بھی یہ امر خوش آئند ہے کہ آج ان غلطیوں کا احساس کیا جا رہا ہے اور آئین و قانون کی سربلندی کو تسلیم کیا جارہا ہے، فوج پاکستان کی سلامتی اور دفاع کی علامت ہے، بلاشبہ فوج میں رخنہ ڈالنے، تقسیم کرنے اور دراڑ ڈالنے کی ہر کوشش مکمل طور پر ملکی مفاد کے منافی ہے۔ عدلیہ، آئین اور قانون کی روشنی میں انصاف کی فراہمی کا مقدس فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ وکلا عوام اور میڈیا نے ایک ڈکٹیٹر کا نشانہ بننے والی عدلیہ کی بحالی کے لئے تاریخی جدوجہد کی ہے اور زبردست قربانیاں دی ہیں۔

نوازشریف نے کہا کہ آئین و قانون کی سربلندی کا عزم جناب چیف جسٹس اور آرمی چیف دونوں کی تقاریر کا مرکزی نکتہ ہے جو ہم سب کے لئے اطمینان کا باعث ہے۔ نواز شریف نے امریکی صدر باراک اوباما کو امریکی انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اپنی جانب سے اس موقع پر امریکی عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ امریکی عوام، صدر باراک اوباما کی قیادت میں ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ، آئین اور قانون کی روشنی میں انصاف کی فراہمی کا فریضہ ادا کررہی ہے، آئین کی تشریح سے متعلق عدلیہ کا اختیار حتمی ہے، عدلیہ کو کمزور کرنا آئین و قانون سے کھیلنے اور ملک کو جنگل بنادینے کے مترادف ہے۔ 

نواز شریف نے مزید کہا کہ فوج کو کمزور کرنے کی ہر کوشش ملکی دفاع کو کمزور کرنے جیسی ہے، نئی عدلیہ آئین و قانون کے تحت بےخوف تاریخی فیصلے کررہی ہے، آئین و قانون کی سربلندی کا عزم چیف جسٹس اور آرمی چیف کی تقاریر کا مرکزی نکتہ ہے۔ مسلم لیگ نون کے صدر نے کہا ہے کہ کرپٹ اور نااہل قیادت ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے، مسلم لیگ نون پاکستان کو دوبارہ معاشی استحکام کے راستے پر لائے گی۔ نواز شریف نے کہا کہ انکی کارکردگی کی بنیاد پر عوام مسلم لیگ نون کو ووٹ دیں گے، انہیں امید ہے کہ جن لوگوں نے کرپشن کی وجہ سے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا ہے، عوام انہیں آنے والے انتخابات میں مسترد کردیں گے۔ نواز شریف نے کہا کہ اقتدار میں آکر خوشحالی کو عوام کا مقدر بنائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 210022
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش