0
Sunday 7 Apr 2013 17:52

فورتھ شیڈول میں شامل 62 افراد نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے

فورتھ شیڈول میں شامل 62 افراد نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے
 اسلام ٹائمز۔ پنجاب بھر میں شیڈول فورتھ میں شامل 62 افراد انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس بات کا انکشاف حساس ادارے کے خصوصی اجلاس میں ہوا ہے۔ اس شیڈول میں زیادہ تر ایسے افراد کو شامل کیا گیا جن کا تعلق کسی بھی حوالے سے جہادی یا کالعدم جماعتوں سے رہا ہو۔ انہیں ایک قانون بنا کر ایک طرح سے ان کی نقل وحرکت بند کر دی گئی لیکن یہ بات حیران کن ہے کہ اس واضح قانون کی موجودگی کے باوجود 62 افراد نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے ہیں۔

فورتھ شیڈول میں شامل کئے گئے افرادکے بارے میں قانون موجود ہے جس کے مطابق اگر یہ افراد اپنے گھر سے بھی کہیں باہر جائیں گے تو انہیں پہلے متعلقہ پولیس افسر کو اطلاع دینا ضروری ہوتا ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی تعداد اس وقت سات سو کے لگ بھگ ہے جبکہ واچ لسٹ میں شامل افراد کی تعداد چار ہزار تین سو سے زائد ہے۔ حسا س ادارے نے اپنے اجلاس میں الیکشن کے دوران اسلحہ کی نمائش پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کا جائزہ بھی لیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حفاظتی گارڈ رکھنے والی شخصیات اپنے محافظوں کو مخصوص وردی پہنائیں تاکہ شناخت میں آسانی ہو جبکہ کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سکیورٹی وجوہات کے بنیاد پرکالے شیشوں کی بجائے ونڈ بلائنڈر لگانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا جنہیں بوقت ضرورت اتارا بھی جا سکتا ہے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تمام ادارے خفیہ طور پر حاصل ہونے والی معلومات کا بھی تبادلہ کریں گے تاکہ کسی ناگہانی صورت حال سے نمٹا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 252345
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش