0
Thursday 5 Sep 2013 04:30

پاکستان کی معیشت کے استحکام کیلئے پرامن کراچی لازمی ہے، رحمت خان وردگ

پاکستان کی معیشت کے استحکام کیلئے پرامن کراچی لازمی ہے، رحمت خان وردگ
اسلام ٹائمز۔ تحریک استقلال پکستان کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کے کراچی کے متعلق خصوصی اجلاس میں رینجرز کو اختیارات دینا خوش آئند ہے اور قیام امن کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت کی کوششیں خوش آئند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے کراچی میں ہر صورت امن قائم کرنے کا عزم قابل تحسین ہے اور وفاقی حکومت کو لینڈ مافیا، بھتہ مافیا اور سیاسی جماعتوں کے جرائم پیشہ گروہوں سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرنا چاہئے تاکہ عوام کی جان و مال کو تحفظ مل سکے۔ یہ بات انہوں نے خیبرپختونخواہ کے صوبائی وائس چیئرمین رحمان ﷲ مروت سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کے ٹرائل کیلئے خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں جنہیں ہر صورت 1 ماہ میں فیصلہ کرنے کا پابند کیا جائے۔
 
رحمت خان وردگ نے کہا کہ مجرموں کے ٹرائل کیلئے رینجرز کو بااختیار ہونا چاہئے اور رینجرز کے ذریعے گرفتار کئے گئے مجرموں کو پولیس کے حوالے نہیں کیا جانا چاہئے کیونکہ پولیس میں جرائم پیشہ افراد اور کالی بھیڑیں موجود ہیں جو مقدمات سے اہم دفعات ختم کرکے بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کی عدالتوں سے باعزت رہائی کی راہ ہموار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک جرات مندانہ فیصلے کرکے مستقل مزاجی سے کراچی پر توجہ نہیں دی جائیگی اس وقت تک کراچی میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب رینجرز کو اپنی بھرپور کارکردگی دکھاتے ہوئے کراچی میں امن قائم کرنا ہوگا تاکہ عام آدمی اور تاجر و صنعتکار سکھ کا سانس لے سکیں اور کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے استحکام کیلئے پرامن کراچی لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی عوام کو امید ہے کہ رینجرز کراچی کے حالات پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیگی اور کراچی کو فوج کے حوالے کرنے کی نوبت نہیں آئیگی۔
خبر کا کوڈ : 298728
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش