0
Tuesday 29 Oct 2013 19:56

بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے، بابر یعقوب فتح محمد

بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے، بابر یعقوب فتح محمد

اسلام ٹائمز۔ چیف سیکرٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد کی خصوصی ہدایت پر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے پیر کے روز کوئٹہ میں اعلٰی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی رضوان میمن اور سیکرٹری بلدیات کاظم نیاز نے اجلاس میں شریک ڈپٹی کمشنروں کو انتخابات کے انعقاد کے لئے رہنمائی فراہم کی۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے بھرپور طریقے سے انتظامات و اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی نے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پرامن ماحول میں صاف و شفاف اور غیرجانبدارانہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے ڈپٹی کمشنروں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد کے لئے ضلعی انتظامیہ پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے، اس پر پورا اترنے اور حکومت اور اپنی نیک نامی کے لئے ڈپٹی کمشنر اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ انتخابات کے انعقاد تک اپنے اپنے ضلعی ہیڈکوارٹروں میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور ہفتہ وار تعطیل کے دوران بھی ضلع میں موجود رہیں۔

رضوان میمن کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صوبے میں غیرجانبدارانہ اور شفاف بلدیاتی انتخابات کا انعقاد چاہتی ہے۔ لہٰذا تمام ڈپٹی کمشنر اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں اور اپنے اضلاع میں پرامن ماحول میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد کے انتظامات کے لئے وقت کی قلت کو سامنے رکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ابھی سے تیاریوں کا آغاز کریں اور فوری طور پر پولنگ اسٹیشنوں اور پولنگ عملے کی فہرستیں محکمہ بلدیات کو بھجوائی جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جامع پولنگ اسکیم بھی تیار کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنر کسی بھی قسم کے دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے انتخابات کا صاف و شفاف انعقاد کریں اور الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کریں۔

خبر کا کوڈ : 315404
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش