0
Saturday 11 Jan 2014 19:55

صوبہ بلوچستان کی کابینہ ایجنسیوں کی بنائی ہوئی ہے، طلال اکبر بگٹی

صوبہ بلوچستان کی کابینہ ایجنسیوں کی بنائی ہوئی ہے، طلال اکبر بگٹی

اسلام ٹائمز۔ جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ طلال بگٹی نے کہا ہے کہ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بےاختیار ہیں۔ صوبے میں مصنوعی قیادت مسلط ہے۔ نوازشریف اپنے وعدے کے مطابق وسائل پر بلوچوں کا حق اور اختیارات جیسے مطالبات مان لیں، تو وہ بیرون ملک موجود بلوچ رہنماؤں کو منا کر لے آئیں گے۔ جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ طلال اکبر بگٹی نے کہا ہے کہ پرویزمشرف نے فوج کے ادارے کو تباہ کیا۔ بیرون ملک گئے تو شکوک و شبہات پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بگٹی مہاجرین کی علاقوں میں واپسی کیلئے شاہ زین بگٹی اور گہرام بگٹی کو سبز باغ دکھائے جا رہے ہیں۔ لوگوں کی جان و مال کا تحفظ کرنے والے وزیراعلٰی کے پاس اقتدار تو ہے، لیکن اختیار نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی کابینہ، خفیہ اداروں کی بنائی ہے۔ جس کا اعتراف بلوچستان کی حکومت کے اہم وزراء کرچکے ہیں۔ طلال اکبر بگٹی نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین ملک توڑنے کی باتیں کرکے پلٹا کھا جاتے ہیں۔ ان کو اپنے اسلحہ پر فخر ہے، جو بابر غوری کے دور میں آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پرویزمشرف کو عدالتوں میں پیش ہونا چاہیئے۔ طلال اکبر بگٹی کا کہنا تھا کہ جب سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل نے عہدہ سنبھالا ہے، بلوچستان میں مسخ شدہ لاشوں میں 70 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

خبر کا کوڈ : 340096
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش