0
Tuesday 4 Feb 2014 14:56

پاکستان تحریک انصاف میں پریشر گروپ سامنے آگیا

پاکستان تحریک انصاف میں پریشر گروپ سامنے آگیا
رپورٹ: ٹی ایچ شہزاد

پاکستان تحریک انصاف میں بھی ایک پریشر گروپ سامنے آگیا ہے اور انہوں نے اپنا الگ سے کنونشن منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔ پی ٹی آئی میں معرض وجود میں آنیوالا یہ پریشر گروپ تحریک انصاف کے کارکنوں اور تبدیلی رضا کاروں کی باہمی کاوش کا نتیجہ ہے۔ پارٹی کے اندرونی ذرائع کے مطابق پریشر گروپ یہ چاہتا ہے کہ احتساب کا صرف نعرہ ہی نہ لگایا جائے بلکہ پارٹی کے اندر موجود کرپٹ لوگوں کا بھی احتساب کیا جائے اور بڑے ناموں کے بجائے اچھے کردار کے لوگوں کو آگے لایا جائے۔ پریشر گروپ کی روح رواں ڈاکٹر کنیز عابدی ہیں، جن کا موقف ہے کہ پارٹی کو شفاف ہونا چاہئے اور باکردار لوگ ہی تحریک انصاف کا حصہ بنیں۔ کرپٹ، بدعنوان اور داغدار ماضی رکھنے والے سیاست دانوں کو اس پارٹی میں شامل نہیں کیا جانا چاہئے۔

ڈاکٹر کنیز عابدی کہتی ہیں کہ کرپٹ اور بدعنوان لوگوں کے لئے نواز لیگ اور پیپلز پارٹی جیسی جماعتیں موجود ہیں، انہیں ادھر ہی رہنا چاہئے جبکہ پی ٹی آئی ملک کی ایسی جماعت ہو، جس میں مثالی کردار کے حامل لوگ ہوں اور ہم عوام کے ساتھ بھی صحیح معنوں میں انصاف کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس پریشر گروپ کا نام "ٹرانسپرنسی اکائونٹیبلٹی سیل فورس" رکھا ہے اور ہمارا کنونشن 9 فروری کو لاہور میں ہو رہا ہے جس میں شرکت کے لئے ہم نے عمران خان کو بھی دعوت دیدی ہے۔ جب ڈاکٹر کنیز عابدی سے پوچھا گیا کہ کیا عمران خان نے آپ کے کنونشن میں شریک ہونے کی حامی بھر لی ہے تو ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دعوت نامہ دیدیا ہے لیکن ابھی تک ان کی طرف سے ہاں یا نہیں کا جواب نہیں آیا، لیکن ہمیں توقع ہے کہ عمران خان ہمارے کنونشن میں لازمی شریک ہوں گے۔ ڈاکٹر کنیز عابدی نے مزید بتایا کہ ہم نے کرپٹ رہنمائوں پر عدم اعتماد کیا ہے پارٹی پر نہیں، اور اس حوالے سے ہم نے اپنا ایجنڈا بھی تیار کر لیا ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا کوئی دوسری جماعت آپ کے گروپ کو سپورٹ کر رہی ہے تو ڈاکٹر کنیز عابدی کا کہنا تھا کہ بالکل بھی نہیں، ایسے خدشات بے بنیاد ہیں، ہم خالصتاً پی ٹی آئی کے ورکرز اور رضاکار ہیں اور ہم اپنی جماعت سے مخلص ہیں، ہمارے اس گروپ کے قیام کا مقصد پارٹی کی تطہیر ہے پارٹی کی تخریب نہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ پارٹی کو شفاف انداز میں آگے لے کر جائیں۔ ڈاکٹر کنیز عابدی نے کہا کہ ہمارے ساتھ زیادہ تعداد نوجوانوں کی ہے، نوجوانوں کا ذہن صاف ہوتا ہے، ہم انہیں شفاف لائن آف ایکشن دیں گے تو ملک ترقی کرے گا، اگر ہم بھی دوسری جماعتوں کی طرح کرنے لگ جائیں تو پھر نئی پارٹی کے وجود کی کیا ضرورت ہے، انہیں جماعتوں میں اچھے انداز میں ایڈجسٹ ہوا جاسکتا ہے لیکن پی ٹی آئی کا مقصد نیا پاکستان بنانا ہے، جس میں نیچے سے اوپر تک شفافیت ہو، کرپشن نہ ہو، پولیس کسی کو ناجائز تنگ نہ کرے، ملک میں امن و امان ہو، اور انشاءاللہ ہم ایسا پاکستان لازمی دیں گے، قوم ہمارے ساتھ ہے اور قوم تبدیلی چاہتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 348244
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش