0
Tuesday 1 Apr 2014 12:06

لاہور سے کوئٹہ آنیوالی اکبر بگٹی ایکسپریس پر حملہ، 2 افراد جاں بحق، 7 مسافر زخمی

لاہور سے کوئٹہ آنیوالی اکبر بگٹی ایکسپریس پر حملہ، 2 افراد جاں بحق، 7 مسافر زخمی

اسلام ٹائمز۔ بولان کے علاقے میں لاہور سے کوئٹہ آنے والی اکبر بگٹی ایکسپریس پر نامعلوم افراد کا راکٹوں اور جدید ہتھیاروں سے حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 خواتین سمیت 7 مسافر زخمی ہو گئے۔ حملے سے ٹرین کو شدید نقصان پہنچا۔ گذشتہ روز لاہور سے کوئٹہ آنے والی اکبر بگٹی ایکسپریس جیسے ہی بلوچستان کے علاقے بولان میں پنیر اسٹیشن کے قریب سرنگ نمبر 7 پر پہنچی تو نامعلوم افراد نے ٹرین پر ایک راکٹ فائر کیا اور جدید ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کردی۔ جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار محمد علی سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 خواتین سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔ حملے کے بعد ٹرین موقع پر ہی رک گئی۔ ٹرین میں موجود سکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کی فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر نعشوں اور زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال پہنچایا۔ ذرائع کے مطابق ٹرین کی تمام بوگیوں پر گولیوں کے نشان موجود ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی اس علاقے میں ٹرینوں پر متعدد بار حملے ہو چکے ہیں۔ جس میں متعدد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔

خبر کا کوڈ : 367826
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش