0
Wednesday 2 Apr 2014 10:03

بھارتی انتخابات کبھی بھی حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہو سکتے، چوہدری عبدالمجید

بھارتی انتخابات کبھی بھی حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہو سکتے، چوہدری عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر اور اس کے اتحادی جماعتوں کی حکومت آزاد خطہ کی تعمیر و ترقی اور تحریک آزادی کشمیر کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر مزید اجاگر کرنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ حالیہ بارشوں سے آزادکشمیر میں انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کو ٹھیک کر کے لوگوں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ مقبوضہ کشمیر کے اندر عوام انتخابات نہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے چاہتے ہیں۔ پاکستان میں قانون و آئین کی بالادستی کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ وہ یہاں کشمیر ہاؤس میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفود نے وزیراعظم کو علاقائی ترقیاتی مسائل سے آگاہ کیا۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں جب سے پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت برسراقتدار آئی ہے عوام کی خدمت کو ہم نے اپنا شعار بنایا ہے۔ سب سے زیادہ توجہ تعلیم کے شعبہ پر دی گئی جبکہ سینکڑوں کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و بہتری پر بھی توجہ دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ریاستی وسائل کا محافظ ہوں اور یہ وسائل صرف اور صرف عوام کی ترقی و خوشحالی اور تحریک آزادی کشمیر کے لئے وقف ہیں۔ 

انھوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں ادارے دن بدن مضبوط ہو رہے ہیں جس سے گورنمنٹ کا سسٹم بھی مزید تقویت پکڑ رہا ہے جس کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر کی تاریخ میں پہلی بار 3 میڈیکل کالجز کا قیام موجودہ حکومت کا شاندار کارنامہ ہے جس سے آزادکشمیر کے ہونہار اور ذہین طلبہ کو گھر کے اندر اعلیٰ پیشہ وارانہ تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ چاروں صوبوں، فاٹا، گلگست و بلتستان اور مقبوضہ کشمیر سے ہجرت کر کے آنے والے کشمیری بھائیوں کے بچوں کے لئے کوٹہ مختص کر کے ان کے تعلیمی حق کو محفوظ بنایا گیا ہے۔ 

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لیے ملک میں مفاہمت کی سیاست کو فروغ دے رہی ہے اور اداروں کے استحکام اور قانون و آئین کی بالادستی کے لیے آگے آگے ہے۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں آئندہ عام انتخابات میں کشمیری عوام کی عدم دلچسپی پر کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام انتخابات نہیں حق خودارادیت چاہتے ہیں۔ وہ بھارتی حکومت کے انتخاباتی ڈرامے کو سمجھ چکے ہیں یہ انتخابات کبھی بھی حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہو سکتے۔ 

انھوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انتخابات کا ڈرامہ رچا کر عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کشمیر سے ہٹانا چاہتا ہے جس میں وہ کامیاب نہیں ہو گا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے بھارت کا جعلی جمہوریت اور سیکولر ازم کا چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ 

انتخابات سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں پر پردہ نہیں ڈالا جا سکتا۔ وزیراعظم نے وفود کو یقین دلایا کہ حکومت عوام کی مشکلات سے آگاہ ہے اور وہ ان مشکلات کو حل کرنے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے گی۔
خبر کا کوڈ : 368165
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش