QR CodeQR Code

اطمینان ہوگیا ہے کہ مذاکرات پر حکومت اور فوج مکمل طور پر ایک پیج پر ہیں، مولانا سمیع الحق

23 Apr 2014 22:10

اسلام ٹائمز؛ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں طالبان کمیٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حکومت اور طالبان دونوں طرف سے شکایتیں آرہی ہیں۔ حکومت نے بھی جنگ بندی میں توسیع نہ ہونیکے باوجود صبر کا مظاہرہ کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ طالبان اور حکومتی کمیٹی نے طرفین میں شکایات کے ازالے کیلئے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی ہے، طالبان رابطہ کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ خصوصی کمیٹی ان علاقوں کا دورہ کرے، جہاں سے پرتشدد کارروائیوں کی شکایات ملی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے بتایا ہے کہ دونوں کمیٹیوں  نے آج کی ملاقات میں امن عمل آگے بڑھانے کیلئے اعتماد سازی کے مزید اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔ طالبان شوریٰ سے آئندہ ملاقات میں دونوں طرف کے غیر عسکری قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ملاقات میں تسلی ہوگئی ہے کہ مذاکرات کے معاملے میں حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں۔ مولانا سمیع الحق نے مزید بتایا کہ کمیٹیوں نے مذاکرات میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور طالبان کی طرف سے جنگ بندی کے خاتمے کے باوجود صورت حال قابو میں ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق طالبان کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اسی ہفتے طالبان شوریٰ سے ملاقات ہوجائے، طالبان شوریٰ سے ملاقات میں غیر عسکری قیدیوں کی رہائی پر بات ہوگی، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور طالبان دونوں طرف سے شکایتیں آرہی ہیں۔ حکومت نے بھی جنگ بندی میں توسیع نہ ہونے کے باوجود صبر کا مظاہرہ کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ دونوں کمیٹیاں پرعزم ہیں کہ جنگ میں توسیع کی جائیگی، مولانا سمیع الحق نے کہا کہ ہمیں اطمینان ہوگیا ہے کہ حکومت اور فوج مکمل طور پر ایک پیج پر ہیں۔


خبر کا کوڈ: 375850

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/375850/اطمینان-ہوگیا-ہے-کہ-مذاکرات-پر-حکومت-اور-فوج-مکمل-طور-ایک-پیج-ہیں-مولانا-سمیع-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org