0
Friday 27 Jun 2014 17:10

عراق میں موجود داعشی دہشت گردوں (ISIL) کے مظالم کے خلاف مقبوضہ کشمیر کے سرینگر میں احتجاج ریلی

عراق میں موجود داعشی دہشت گردوں (ISIL) کے مظالم کے خلاف مقبوضہ کشمیر کے سرینگر میں احتجاج ریلی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی ملک عراق میں موجود ISIL یا داعشی دہشت گردوں کے مظالم اور تشدد کے خلاف پریس کالونی سرینگر میں ایک احتجاجی ریلی کا اہتمام ہوا، احتجاجی ریلی میں شامل مظاہرین کا کہنا تھا کہ عراق میں فعال داعشی دہشت گردوں کا اسلام کے کسی فرقے سے تعلق نہیں ہے، یہ صہیونیت، استعمار اور استکبار کی سازش ہے کہ داعشی دہشت گرد گروپ کو مسلمانوں کے کسی ایک فرقے سے جوڑکر مسلمانوں میں انتشار پھیلایا جائے، مظاہرین میں شامل شیعہ سنی نوجوانوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’دہشت گردی اسلام نہیں، شیعہ سنی بھائی بھائی داعشی نے آگ لگائی، عراقی مقدسات کی حفاظت اہم فریضہ، ISIL مسلمان نہیں بلکہ استعمار کے ایجنٹ، دہشت گردی امریکہ سازش، ہم مسلمان دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں، داعشی مسلمان نہیں انسان نہیں‘‘ جیسے نعرے درج تھے، آبی گذر سرینگر میں نماز جمعہ کے بعد کثیر تعداد میں مسلم نوجوانوں نے مقامات مقدسہ کی حفاظت اور عالمی دہشت گردی مخالف احتجاجی ریلی کا اہتمام کیا جس میں مظاہرین نے کہا کہ عراق میں جاری حالیہ بدامنی میں تکفیری اور صیہونی عناصر ملوث ہے، مسلمان ممالک کو چاہئیے کہ وہ آپسی اختلافات کو بھلا کر ان تکفیری اور صہیونی قوتوں کا مقابلہ کریں۔ تحریک تحفظ اسلام و مقدسات اسلامی کشمیر کے بینر تلے ریلی میں مظاہرین کا کہنا تھا کہ عراق میں شیعہ اور سنی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، عراقی عوام آپس میں متحد ہوکر تکفیری عناصر سے برسر پیکار ہے، انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا اور استعمار اس صورت حال کو شیعہ سنی مسئلہ ظاہر کر رہا ہے جو کے بالکل غلط ہے اور عراق میں اہل بیتؑ اور صحابہ کرام ؓ کے مزارات کی بے حرمتی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تکفیری عناصر دنیا بھر میں اپنا نفوس بڑھا رہے ہیں ایسے میں مسلمانان عالم کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے آپ کو مضبوط کریں اور ان خارجی اور تکفیری عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کریں، ہم نوجوان عراق میں اہل بیت ؑ اور صحابہ کرام ؓ کے مزارات کے دفاع کے لئے تیار ہیں، پریس کالونی سرینگر میں تحریک تحفظ اسلام و مقدسات اسلامی کشمیر کے بینر تلے منعقدہ احتجاجی ریلی میں مظاہرین کا کہنا تھا کہ عراق عقیدتوں کی سرزمین ہے جس سے اسلام کے ماننے والے مختلف فرقوں کی روحانی اور جذباتی وابستگیاں قائم ہیں، جن کے لئے ہر مسلمان تن من اور دھن قربان کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے مختلف خطوں میں اسلام کی من مانی تشریح کرنے والے اور مسلمانوں کی واضح اکثریت پر کفر و شرک کے فتوے لگانے والے انتہاء پسند مختلف ناموں کے بعد اب داعش کے نام پر عراق کے مختلف شہروں میں نہتے مسلمانوں، علماء اور مشائخ کا بہیمانہ قتل عام کررہے ہیں جبکہ وہ صدیوں سے قائم مساجد، مدارس اور ان سے ملحق کتب خانوں پر قبضہ کرنے، صحابہ و اہلبیت اور مشائخ کے مزارات کو مسمار کرنے کے مذموم ارادوں کا اظہار کررہے ہیں۔ مظاہرین نے اس دوران عالمی دہشت گردی، امریکہ اور اسرائیل مخالف زبردست نعرے بازی کی اور مسلمانوں کے آپسی اتحاد پر زور دیا۔
خبر کا کوڈ : 395554
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش