0
Sunday 20 Jul 2014 20:17
انسانیت اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کی آنکھیں بند

صیہونی سفاکیت کا 13واں دن، زمینی، بحری اور فضائی بربریت جاری، شہداء کی تعداد 400 سے تجاوز کرگئی

صیہونی سفاکیت کا 13واں دن، زمینی، بحری اور فضائی بربریت جاری، شہداء کی تعداد 400 سے تجاوز کرگئی
اسلام ٹائمز۔ صیہونی حکومت نے دو گھنٹے کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا اور ایک گھنٹے بعد پھر سے غزہ پر بمباری شروع کر دی، مزید 16 فلسطینی شہید ہوگئے، آج صیہونی جارحیت سے جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 60 ہوگئی۔ غزہ کا علاقہ شجاعیہ مقتل بن گیا۔ صیہونی طیاروں اور ٹینکوں نے ایک ہی دن میں 60 سے زائد فلسطینی شہید کر دیئے، 13 روز میں شہداء کی تعداد 400 سے تجاوز کر گئی۔ ہر گذرتے دن کے ساتھ صیہونی حکومت کی سفاکانہ کارروائیوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ انسانیت اور انسانی حقوق کے علم بردار امریکہ، اقوام متحدہ، یورپ اور دیگر مغربی طاقتوں نے اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ ان کی مجرمانہ خاموشی کے نتیجے میں فلسطینی شہداء کی تعداد روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔ آج بھی 60 سے زائد معصوم فلسطینی صیہونی درندگی کا نشانہ بنے، صیہونی حملوں کی شدت کے باعث زخمی ہونے والوں کو اسپتال پہنچانا مشکل ہوگیا اور سڑکوں پر بکھری لاشیں اٹھانے اور زخمیوں کی مدد کے لیے ریڈ کراس کی اپیل پر صیہونی فوج دو گھنٹے کی جنگ بندی پر راضی ہوئی۔ اس پر بھی حماس کی جانب سے راکٹ حملے کو جواز بنا کر ایک گھنٹے بعد ہی جنگ بندی ختم کر دی گئی۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون اور فلسطینی صدر محمود عباس کی ملاقات آج قطر میں ہو رہی ہے، جس میں جنگ بندی کی کوششوں پر بات کی جائے گی۔ اسرائیلی جارحیت کے خلاف مختلف ممالک میں عوامی سطح پر مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔  

دیگر ذرائع کے مطابق فلسطین میں صیہونی فورسز کی سفاکیت کی انتہاء، ضلع شجاعیہ پر حملوں میں 56 نہتے شہری شہید، شہداء کی تعداد چار سو چھبیس ہوگئی۔ سڑکوں پر پڑی لاشوں اور زخمیوں کو اٹھانے والا کوئی نہیں رہا۔ صیہونی فوج نے فلسطینی شہریوں پر زندگی تنگ کر دی ہے۔ ضلع شجاعیہ میں ہیلی کاپٹروں اور ٹینکوں سے شدید گولہ باری کی گئی۔ ہزاروں شہری اپنی جانیں بچانے کے لئے پیدل نکل پڑے جبکہ سڑکوں پر جگہ جگہ لاشیں اور زخمی بے آسرا پڑے ہیں۔ بمباری کی وجہ سے امدادی ٹیموں کا علاقے میں پہنچنا ممکن نہیں ہے۔ صیہونی حکومت کی جانب سے زمینی، فضائی اور بحری کارروائی میں بمباری اتنی شدید ہے کہ ایمبولینسوں کی نقل و حرکت بھی محدود ہو کر رہ گئی ہے۔
رفحہ میں صیہونی بمباری سے تین بھائی لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ تیرہ روز سے جاری صیہونی فورسز کی وحشیانہ کارروائی میں سینکڑوں فلسطینی زخمی ہیں۔ صیہونی حکومت نے زمینی کارروائی کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مزید فوجی غزہ میں داخل کر دیئے ہیں۔ صیہونی حکومت کا کہنا ہے کہ حماس کی کارروائی میں ان کے سات فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون آج قطر میں غزہ میں قیام امن کے سلسلے میں بات چیت کریں گے۔ غزہ میں بڑھتے ہوئے تشدد پر صیہونی حکومت کے خلاف پوری دنیا میں مظاہرے جاری ہیں۔ صیہونی دارالحکومت تل ابیب میں بھی ہزاروں شہریوں نے غزہ پر حملے کے خلاف مظاہرے کئے۔ چلی، برطانیہ اور سوئٹرزلینڈ کے شہری بھی فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔
خبر کا کوڈ : 400569
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش