0
Saturday 16 Aug 2014 00:11
سرینا چوک پر دھرنا ہوگا، عمران خان کا ٹویٹ

تحریک انصاف کا آزادی مارچ اور عوامی تحریک کا انقلاب مارچ اسلام آباد پہنچ گئے

تحریک انصاف کا آزادی مارچ اور عوامی تحریک کا انقلاب مارچ اسلام آباد پہنچ گئے
اسلام ٹائمز۔ وفاقی دارالحکومت میں سیاسی گرمیوں کا فائنل راؤنڈ، آزادی مارچ منزل پر پہنچ گیا۔ آبپارہ میں تحریک انصاف کے کارکنوں کا جوش و خروش قابل دید، سرینا چوک پر دھرنا ہوگا، عمران خان کا ٹویٹ۔ لاہور سے شروع ہونے والا تحریک انصاف کا آزادی مارچ اور عوامی تحریک کا انقلاب مارچ اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ آبپارہ چوک میں تحریک انصاف اور زیرو پوائنٹ پر عوامی تحریک کے پنڈال میں کارکن پُرجوش ہیں۔ اسلام آباد میں سیاسی میدان لگ گیا۔ آزادی اور انقلاب مارچ کے کارواں اپنی منزل پر پہنچ گئے۔ اسلام آباد میں کارکنوں کا جوش و خروش دیکھنے لائق ہے۔ بارش بھی ورکروں کا جنون کم نہ کر پائی۔ تحریک انصاف کا پنڈال آبپارہ بنا ہے۔ کہیں پارٹی پرچم لہرائے جا رہے ہیں۔ ٹولیوں کی صورت میں کارکن پارٹی ترانوں پر رقص کر رہے ہیں۔ کارکن جوش بڑھانے کے لئے نعرے بھی لگائے جا رہے ہیں۔
وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک بھی کارکنوں میں موجود رہے اور کنٹینر کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھ کر چائے کی چسکیاں اور سگریٹ کے کش لیتے رہے۔ زیرو پوائنٹ پر عوامی تحریک کے کارکن بھی پُرجوش ہیں۔ نعرہ بازی اور رقص جاری و ساری ہے۔ خواتین کارکنوں نے پارٹی پرچم اٹھا رکھے ہیں اور ان کا جذبہ بھی کسی سے کم نہیں۔ شہر اقتدار اس وقت اپوزیشن کے کارکنوں سے بھر چکا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ عمران خان اور طاہر القادری کا دھرنا اپنے مقاصد حاصل کرسکے گا یا نہیں۔ ادھر محکمہ موسمیات نے نوید سنائی ہے کہ اسلام آباد میں آئندہ دو روز تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش متوقع ہے۔
خبر کا کوڈ : 404950
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش