0
Wednesday 20 Aug 2014 06:38
شریف برادران مستعفی ہوکر خود کو قانون کے حوالے کر دیں

جبتک قومی حکومت کا قیام نہیں ہوتا کارکنان کے ہمراہ موجود رہونگا، علامہ طاہرالقادری

آج شام عوامی پارلیمنٹ لگے گی جس میں عوام کے فیصلے ہونگے
جبتک قومی حکومت کا قیام نہیں ہوتا کارکنان کے ہمراہ موجود رہونگا، علامہ طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ نواز شریف سانحہ ماڈل ٹاؤن میں برابر کے ذمہ دار ہیں مستعفیٰ ہوں، جب تک قومی حکومت کا قیام نہیں ہوتا کارکنان کے ہمراہ موجود رہوں گا۔ اسلام آباد میں ڈی چوک پہنچنے پر پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ کرپشن کی انتہا ہوچکی ہے، ہر ادارہ حکمرانوں کے تابع ہے۔ جس ملک میں وزراء ملکی سلامتی کا دفاع کرنے والی فوج پر تنقید کرنے لگیں، اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں فوج کے خلاف تقریریں ہوتی ہیں اور ان کو دھمکیاں دی جاتی ہیں، یہ آئین کی خلاف ورزی ہے۔ حکمرانوں پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ بننا چاہئے، ملک میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد نہیں کرایا جو آئین کی خلاف ورزی ہے، عوام کو بنیادی حقوق دینے والا آئین معطل کر رکھا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ جب پرویز مشرف پر آئین معطل کیے جانے کے خلاف مقدمہ چل سکتا ہے تو حکمرانوں پر بھی مقدمہ چلنا چاہئے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ آج اسمبلی کے ممبران جمہوریت بچانے کی باتیں کر رہے ہیں، یہ لوگ اس وقت کہاں تھے جب مظلوموں پر گولیاں چلائی گئیں۔ پی اے ٹی کے سربراہ نے کہا کہ شریف برادران مستعفی ہوں اور خود کو قانون کے حوالے کر دیں۔ اسمبلیاں غیر آئینی ہیں، انہیں تحلیل کیا جائے۔ انتخابات ایک غیر آئینی الیکشن کمیشن کے تحت ہوئے ہیں، اب ایک قومی حکومت بنائی جائے گی، جب تک قومی حکومت کا قیام نہیں ہوتا کارکنان کے ہمراہ موجود رہوں گا۔ طاہرالقادری نے کہا کہ کارکنان ریاستی عمارتوں کا تقدس برقرار رکھیں اور ان کے اندر داخل نہ ہوں، ہم اپنے جمہوری حق کے ذریعے حکومت پر دباؤ بڑھا کر انہیں مستعفی ہونے پر مجبور کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج شام عوامی پارلیمنٹ لگے گی جس میں عوام کے فیصلے ہوں گے۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے انقلاب مارچ کے شرکا سے کہا ہے کہ جب تک قومی حکومت نہ بنے یہاں سے کوئی نہیں جائے گا۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے قریب انقلاب مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ محاصرے کا بدلہ محاصرہ ہے، لاہور میں ہمیں محاصرے میں رکھا گیا، یہاں ہم نے محاصرہ کرلیا۔ طاہر القادری نے کارکنوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کہیں نہیں جانا، یہیں رہنا ہے، اس انقلاب کا سورج طلوع ہوگا اور عوام کی فتح ہوگی تو یہاں سے لوگ جائیں گے۔ انقلاب مارچ کے شرکاء کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ اپنی منزل کو پہنچ گئے ہیں، شہادتیں انقلاب کی کامیابی کی ضمانت بن گئیں۔ طاہر القادری نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو مبارکباد دیتا ہوں کہ لاکھوں افراد کا مارچ چلا لیکن انھوں نے گولی نہیں چلائی۔ انہوں نے کہا کہ انقلابی مارچ پارلیمنٹ ہاؤس تک پہنچ گیا اور ہم پرامن رہیں گے، حکومت کو ہمارے انقلاب کے تصور سے اختلاف ہے تو جمہوری طریقے سے ڈیل کرتے۔ حکمرانوں کی جمہوریت صرف کرپشن ہے، جو اس ملک میں نہیں چلنے دی جائے گی۔ کرپٹ حکمرانوں کو نکال پھینکیں گے۔ قاتلوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی اپنی ایف آئی آر درج کرلی، جبکہ شوٹر سے میرے گھر کے بیڈروم میں گولیاں چلائی گئیں۔
خبر کا کوڈ : 405670
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش