0
Monday 22 Sep 2014 08:34

ایرانی حکومت کے وفد کی میرواعظ عمر فاروق سے ملاقات، سیلاب زدگان کی بھرپور امداد کی یقین دہانی

ایرانی حکومت کے وفد کی میرواعظ عمر فاروق سے ملاقات، سیلاب زدگان کی بھرپور امداد کی یقین دہانی
اسلام ٹائمز۔ اسلامیہ جمہوریہ ایران کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے آغا سید حسینی اور آغا سید محمد تقی کی قیادت میں حریت کانفرنس (م) کے سربراہ میرواعظ محمد عمر فاروق کے ساتھ ملاقات کی اور اہل ایران کی جانب سے ستم رسیدہ اور قہر انگیز سیلاب سے متاثرہ کشمیری عوام کے ساتھ ہمدردی، داد رسی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور رہبر معظم انقلاب اسلامی ایران کی جانب سے میرواعظ کشمیر کے توسط سے اہلیان کشمیر کو یقین دلایا کہ ایران اس آزمائش کی گھڑی میں ان کے ساتھ ہے، واضح رہے کہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے ایران کا یہ پہلا وفد ہے جو وارد کشمیر ہوتے ہی سب سے پہلے میرواعظ عمر فاروق کے ساتھ ملاقی ہوا، اس موقعے پر میرواعظ عمر نے وفد کو سیلاب کی تباہ کاریوں، زبردست جانی و مالی نقصانات اور مستقبل قریب میں اس کے منفی اثرات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صورتحال اس قدر تباہ کن اور افسوس ناک ہے جس کی تلافی مستقبل قریب میں ہرگز ممکن نہیں ہے اور کشمیریوں کی بحالی اور باز آبادکاری کا مسئلہ اس قدر سنگین اور اہم مسئلہ ہے کہ اس کیلئے ہنگامی نوعیت کے بڑے پیمانے پر بین الاقوامی امداد کی شدید ضرورت ہے۔ میرواعظ عمر نے وفد کو بتایا کہ ہلاکت خیز سیلاب میں قیمتی انسانی جانوں کے اتلاف کے ساتھ ساتھ اقتصادی ماہرین کے مطابق مکانات، جائیداد اور دیگر املاک کے نقصانات کا تخمینہ 80 ہزار سے لے کر ایک لاکھ کروڑ تک ہے جس کی بھر پائی مقامی وسائل سے ناممکن ہے اور اس کیلئے اقوام متحدہ اور OIC سمیت عالمی برادری کی مدد ناگزیر ہے، اور مجھے امید ہے کہ اس ضمن میں برادر ملک ایران بھی اپنے کشمیری بھائیوں کی ممکنہ مدد سے پیچھے نہیں رہے گا، وفد نے میرواعظ عمر فاروق کو یقین دلایا کہ ہمارا ملک ایران اپنے کشمیری بھائیوں کی بحالی اور بازآباد کاری کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گا اور اس حوالے سے ہماری جو انسانی اور ملی ذمہ داریاں ہیں وہ پوری کی جائیں گی۔
خبر کا کوڈ : 410947
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش