0
Thursday 2 Oct 2014 16:29

سندھ ترقی پسند پارٹی کا متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی کا مطالبہ

سندھ ترقی پسند پارٹی کا متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی جانب سے سندھ کی تقسیم کے بیان کیخلاف سندھ ترقی پسند پارٹی کے کارکنوں نے قاسم آباد سے احتجاجی ریلی نکالی جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی حیدرآباد پریس کلب پہنچی، جہاں پر ایس ٹی پی کے کارکنوں نے احتجاجی دھرنا دیا اور سندھ کی تقسیم کے بیان کیخلاف نعرے بازی کی جبکہ ایس ٹی پی کے قائم مقام چیئرمین جام فتح سمیجو، جنرل سیکریٹری حیدر ملاح، الطاف جسکانی، حمید میمن اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اُردو، پنجابی اور سرائیکی ہماری اپنی زبانیں ہیں، ان زبانوں پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، اگر اعتراض ہے تو وہ الطاف حسین کی پالیسیوں پر ہے۔ اگر الطاف حسین اُردو بولنے والوں کو ماضی میں یہ مشورہ دیتے کہ وہ اسکولوں میں سندھی پڑھیں تو آج یہ مسائل جنم نہیں لیتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سندھ کی طرف اُٹھنے والی ہر میلی آنکھ نکال دینگے اور سندھ کو ایک انچ بھی تقسیم کرنے نہیں دینگے، ہم اُردو بولنے والے بھائیوں سے بھی یہ کہتے ہیں کہ وہ الطاف حسین اور ایم کیو ایم سے لاتعلقی کا اعلان کریں۔ ریلی کے موقع پر قراردادوں کے ذریعے متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی لگاکر اسے سندھ حکومت سے علیحدہ کرنے، سندھ اسمبلی میں سندھ کی تقسیم کے لئے ایم کیو ایم کو آسان راستہ فراہم کرنے کا سلسلہ بند کرنے، گورنر سندھ کو فوری ہٹانے، برطانوی شہریت کے حامل ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی برطانوی شہریت منسوخ کرکے انہیں ملک بدر کرنےجبکہ سندھ کے تمام وسائل پر سندھیوں کا حق تسلیم کرنے اور سندھی بولی کو قومی بولی کا درجہ دینے کے مطالبات کیے گئے۔
خبر کا کوڈ : 412885
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش