0
Saturday 18 Oct 2014 22:07
فوجی شہیدہورہےہیں اوراسلام آبادمیں مداریوں کاتماشا لگا ہے

ہمارے مخالفین عوام کی خدمت کو اشتہار بنا کر کام کر رہے ہیں، آصف علی زرداری

میں نے آج کا پاکستان بچانا ہے کیونکہ میں کل کا پاکستان بہتر بنانا چاہتا ہوں
ہمارے مخالفین عوام کی خدمت کو اشتہار بنا کر کام کر رہے ہیں، آصف علی زرداری
اسلام ٹائمز۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ اس ملک میں پیپلز پارٹی کیخلاف سازشیں کی جاتی رہی ہیں، مگر ہم سازشوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کی باتیں کرنے والوں نے ہمارے گھر میں ڈاکہ ڈالا، میں پارٹی بدلنے والوں کو کہتا ہوں کہ ہمارے لیڈر نے کہا تھا کہ پارٹی نہ بدلنا، چمک دیکھ کر اندھے نہ ہو جانا، میں آج آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم نے کبھی بزرگوں کے کاموں پر سیاست نہیں کی۔ ذوالفقار علی بھٹو نے ہمیشہ غریبوں کیلئے کام کیا، ہمارا ایمان غریبوں اور پاکستانیوں کی خدمت کرنا ہے۔ ہمارے مخالفین عوام کی خدمت کو اشتہار بنا کر کام کر رہے ہیں، مگر ہر دور میں ہماری حکومتوں نے قانون اور عوام کی خدمت کی ہے، آج دنیا میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے مطابق پارٹی کو فعال کیا جا رہا ہے۔ آج ایک طرف ایل او سی پر فوجی شہید ہو رہے ہیں اور دوسری طرف اسلام آباد میں چند لوگوں نے مداریوں کا کھیل لگایا ہوا ہے۔ آئیے آج پاکستان کی بات کریں۔ لوگوں کی خدمت کی بات کریں اس ملک کی بیٹیوں کی بات کریں، صحت کے مسئلے پر بات کریں ہمارے تھنک ٹینک کے پاس جواب ہیں، ہم ہر کسان کو سولر ٹیوب ویل مفت دیں گے، غریبوں کیلئے ہسپتال بنائیں گے، ہم نے منصوبہ بندی کر لی ہے، اس ملک کے عوام ہماری طاقت بنیں گے، اس ملک کے پاس سب کچھ ہے، اگر کچھ نہیں ہے تو اس ملک میں آپس میں بیٹھ کر بات کرنے کا حوصلہ نہیں ہے۔ ہم نے پانچ سال جمہوریت اور مفاہمت کی سیاست کی، آپ نے دیکھا کہ جمہوریت مخالف قوتیں آپس میں لڑ رہی ہیں، خدا کیلئے تماشا لگانے والے عوام کا سوچیں، ایسا نہ ہو کہ وہ شیطان آئیں کہ جو اس ملک کو تباہی کی طرف لے جائیں۔ جب سوات میں ان لوگوں نے عوام کی بیٹیاں مانگیں تو اس وقت لڑائی شروع ہوئی، میں نے آج کا پاکستان بچانا ہے کیونکہ میں کل کا پاکستان بہتر بنانا چاہتا ہوں، انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اس ملک کیلئے ایک ساتھ کھڑا ہونا ہو گا، ہم ایک ہو گئے تو ہمیں آئی ایم ایف سے بھیک مانگنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے، ہر سیاسی جماعت کے ساتھ مل کر کام کریں گے، انہوں نے کہا کہ اس ملک کا ہر جوان میرا بیٹا اور ہر لڑکی میری بیٹی ہے، میں ان کے حقوق کیلئے کام کرنا چاہتا ہوں، آصف علی زرداری نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ثابت کر دیا کہ ہمارے انتخابات کے نتائج تبدیل کر دئیے گئے اور میں ان سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ ملک مستقبل میں امن کا گہوارہ ہوگا، اگر اس ملک میں کوئی تحریک چلے گی تو جمہوریہت کی تحریک چلے گی ، انہوں نے کہا کہ ایک ڈکٹیٹر کے ساتھ مل کر ڈیل کرنا سب سے بڑا ظلم ہے، آج آپ نے اپنی غلطی کو تسلیم کر لیا اب کس کس غلطی کی معافی مانگیں گے، میں یہ راز نہیں کھولنا چاہتا کہ ان بڑے جلسوں کو کون سرمایہ فراہم کر رہا ہے،۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علی (ع) کا قول ہے کہ دوست ایسا بنائو جو کل تمہیں نقصان نہ پہنچا سکے۔ شہر قائد میں پی پی کے جیالوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر جلسہ گاہ میں موجود ہے، عوام کے جم غفیر سے خطاب میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین آصف علی زرداری نے اپنی تمام تر توپوں کا رخ تحریک انصاف اور عمران خان کی جانب موڑے رکھا۔

آصف علی زرداری نے خوبصورت الفاظ میں پرو کر طنز کے نشتر چلائے اور کہاکہ ہم جانتے ہیں کہ خریدے گئے لوگوں کو کون سی چمک نظر آئی، خریدے ہوئے لوگوں کو کہتا ہوں کہ ایمان مت بیچو۔
انہوں نے جیالوں کا جوش مزید بھڑکاتے ہوئے کہا کہ پی پی قومی جماعت ہے، ہمارا ایمان عوام کی خدمت ہے، ہم اپنی سیاست کیلئے عوام کو بےوقوف نہیں بناتے، ہم عوام کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال نہیں کرتے، عمران خان کی تشہیری مہم کو نشانہ بناتے ہوئے زرداری نے کسی ماہر کی طرح اپنی کمان سے تیر نکال کر سیدھا نشانے پر داغا اور کہا کہ آپ اسپتال کی تشہیر کیلئے بچوں کو بےوقوف بنا رہے ہیں، ہماری سیاست قوم کیلئے ہے، تماشے کیلئے نہیں۔ اسلام آباد میں جاری حکومت مخالف دھرنوں پر زرداری صاحب کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں مداری کا کھیل جاری ہے، انہوں نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ جلسوں کی فنانس کون کون کرتا ہے؟؟ جس پر خود ہی جواب بھی دے دیا اور بولے جلسوں کے فناننسزر کو اچھی طرح جانتے ہیں، کہ کون ان جلسوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔

انہوں نے سنہری خواب دیکھتے ہوئے جیالوں کو بھی خواب دکھا دیئے اور کہنے لگے کہ الگی دفعہ موقع دیا تو ہر کسان کے پاس شمسی توانائی سے چلنے والا ٹیوب ویل ہوگا، انہوں نے کہا کہ ہمارے فوجی ایل او سی پر شہید ہو رہے ہیں اور اسلام آباد میں تماشا لگایا ہوا ہے، ہمارے بزرگوں نے سندھ مدرسہ خود بنایا مگر کسی سے چندہ نہیں لیا۔ زرداری کا کہنا تھا کہ میں آنے والی نسلوں اور اس ملک کے کل کیلئے لڑ رہا ہوں، ہم دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف ہیں، ایسا نہ ہو کہ شیطان آ جائے جنہوں نے سوات میں ہمارے بیٹے اور بیٹیاں مانگیں۔ شاہ سے زیادہ شاہ کا وفادار ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے زرداری نے اپنی مختصر خطاب میں ہر طرح سے فرینڈلی اپوزیشن ہونے کا بھرپور حق ادا کیا اور اپنے الفاظ اور گھن گرج سے ثابت کرنے کی کوشش بھی کی۔ صرف یہ ہی نہیں سابق صدر نے کراچی میں ایم کیو ایم کی طاقت کو سامنے رکھتے ہوئے بڑے باادب انداز میں کہا کہ ہم نے شہر کراچی کے لیڈر الطاف بھائی کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے۔ ہمیں فوج اور عدلیہ کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے، ہم نے ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کی بات کی۔ پرانی باتیں بھولنا ہوگی اور ہمیں آگے بڑھنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 415288
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش