0
Monday 27 Oct 2014 18:32

شمالی وزیرستان میں فضائی کارروائی، 33 شدت پسند ہلاک

شمالی وزیرستان میں فضائی کارروائی، 33 شدت پسند ہلاک
اسلام ٹائمز۔ شمالی وزیرستان میں دو مختلف فضائی کارروائیوں میں دو ازبک شدت پسندوں سمیت 33 مشتبہ دہشت گرد ہلاک اور دس زخمی ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جیٹ طیاروں نے لتاکا، سانزئی، دناری اور دیگر ملحقہ علاقوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ اس خبر کے فائل ہونے تک فضائی کارروائی کے حوالے سے دیگر معلومات دستیاب نہیں ہو سکیں۔ پیر کو پیش آنے والے ایک اور واقعے میں باجوڑ ایجنسی کی تحصیل چرمنگ میں شدت پسندوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا جس سے نو اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والوں میں فرنٹیئر کور کے سات اور لیویز کے دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ یاد رہے کہ آٹھ جون کو کراچی کے جناح انٹر نیشنل ائرپورٹ پر ہونے والے حملے کے ایک ہفتے بعد پاک فوج نے شمالی وزیرستان میں مبینہ مقامی اور غیر ملکی عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ آپریشن سے قبل ایک طویل عرصے تک امن مذاکرات بھی جاری رہے تھے مگر ان مذاکرات میں دونوں فریق کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے تھے جس سے مذاکراتی عمل کو ناکام قرار دیا گیا۔ آپریشن ضرب عضب کے دوران پاک فوج کی زمینی اور فضائی کارروائی کے نتیجے میں شمالی وزیرستان کا ایک بڑا حصہ عسکریت پسندوں سے خالی کرایا جا چکا ہے۔ فوج کا کہنا ہے کہ آپریشن میں اب تک ہزار سے زائد دہشت گرد ہلاک جبکہ 90 سے زائد فوجی اہلکار جان کے نذرانے پیش کر چکے ہیں۔ تاہم ان اعدادوشمار کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں کیونکہ صحافیوں کو اس علاقے تک رسائی کی اجازت نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 416741
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش