0
Thursday 6 Nov 2014 23:16

مسیحی جوڑے کو زندہ جلانے کے خلاف قومی کمیشن برائے انصاف کا کراچی پریس کلب پر احتجاج

مسیحی جوڑے کو زندہ جلانے کے خلاف قومی کمیشن برائے انصاف کا کراچی پریس کلب پر احتجاج
اسلام ٹائمز۔ مسیحی جوڑے کو زندہ جلانے کے خلاف قومی کمیشن برائے انصاف کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت آرچ بشپ جوزف کوٹس آرچ بشپ آف کراچی، قومی کمیشن برائے امن و انصاف کے ڈائر یکٹر فادر صالح، اقلیتی رہنماء جاوید مائیکل اور دیگر کر رہے تھے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرے کے شرکاء وزیر اعلیٰ پنجاب اور پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ رہنماؤں نے کہا کہ مسیحی جوڑے کو زندہ جلانا بربریت کی انتہاء ہے، بعض عناصر ذاتی معاملے کو مذہبی رنگ دے کر پاکستان میں مسلم عیسائی فسادات کرانا چاہتے ہیں، ہم نے اس خدشہ کا اظہار بہت پہلے کردیا تھا کہ یہاں مسیحی برادری پر عرصہ حیات تنگ کیا جارہا ہے، وقت کے حاکم ان باتوں پر توجہ دے کر ان کی روک تھام کریں مگر ہماری آواز کو سنا نہیں گیا، ماضی میں بھی ہمارے ساتھ کھیل کھیلا جاچکا ہے، آخر ہم کب تک مظالم کو برداشت کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عیسائی امن پسند شہری ہیں اور محنت کرکے اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں، کبھی ہمارے نوجوانوں کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کردیا جاتا ہے، کبھی ہماری خواتین کی بے حرمتی کی جاتی ہے اور اب یہ نویت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ زندہ انسانوں کو جلتی آگ میں پھینک دیا جاتا ہے۔ انہوں نے مسیحی برادری کو صبر کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ امن پسند، قانون پسند، محب وطن پاکستانی ہیں، خداوند آپ کیساتھ ہے وہ ضرور آپ کی مدد کرے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کوٹ رادھا کشن میں ہونے والے واقعہ میں نامزد افراد اور ان کے ساتھ اس گھناؤنے عزائم میں شامل دیگر افراد کو عبرت ناک سزا دے تاکہ پاکستان کے آئین اور قانون کی عزت اور بقاء کو زندہ رکھا جائے۔
خبر کا کوڈ : 418312
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش