QR CodeQR Code

امریکی پابندیوں کا جواب، ایران پٹرول میں خودکفیل ہوگیا

1 May 2018 16:29

ایران میں پٹرول کی داخلی ضرورتوں کو پورا کرنا ایک اسٹریٹجک مسئلہ ہے۔ دشمن ممالک نے ایران کیخلاف پابندیاں لگا کر سب سے پہلے اس بات کی کوشش کی کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا کی جائے۔ مغربی ممالک کی حالیہ پابندیوں میں ایران کو پٹرول بنانے کیلئے درکار ضروری اشیاء کے بیچنے پر پابندی لگا دی گئی تھی اور اسکے بعد ایران کو پٹرول کی فراہمی بھی ممنوع کر دی گئی۔ ان ممالک کی کوشش تھی کہ اسطرح ایران کے اقتصادی نظام کو تباہ کر دیا جائے اور عوام کو اسلامی حکومت کے مقابلے میں کھڑا کیا جا سکے۔


اسلام ٹائمز۔ کئی مہینوں کی سخت محنت کے بعد ایرانی انجینئرز نے وزارت پڑولیم اور سپاہ پاسداران کے خاتم الانبیاء کنسٹرکشن ہیڈکوارٹر کی مدد سے ستارہ خلیج فارس آئل ریفائنری کے دوسرے فیز سے پروڈکشن کا کام مکمل کر لیا ہے۔ اگلے ہفتے اس فیز سے ہونے والی پروڈکشن کے نتیجے میں ایران کی پٹرول کی پیداوار میں روزانہ 10 ملین لٹر اضافہ ہو جائے گا۔ اس ریفائنری کا اندازہ ہے کہ جاری مہینے کے اندر یہ پیداوار ہر روز 12 ملین لیٹر تک پہنچ جائے گی اور اس طرح ستارہ خلیج فارس ریفائنری کی مکمل پیداوار ہر روز 22 ملین لیٹر تک جا پہنچے گی۔ ستارہ خیلج فارس کے نئے فیز کے فعال ہونے سے ایران میں پٹرول کی مکمل پیداوار ہر روز 90 ملین لیٹر تک جا پہنچے گی۔ ایران کی تاریخ میں پہلی دفعہ داخلی ضروریات کے مطابق پٹرول ریفائن کیا جائے گا۔ اس موقع پر ایران کا پٹرول میں خودکفیل ہونے کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایران نے گذشتہ دس سالوں میں داخلی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ستارہ خلیج فارس نامی میگا پروجیکٹ کا آغاز کیا تھا۔ ایران ایسے وقت پٹرول میں خودکفیل ہونے کا اعلان کرنے جا رہا ہے، جب امریکہ اور دوسرے ممالک یہ کوشش کر رہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے کو ختم کر دیں اور اس طرح ایران کے خلاف نئے بحران کا آغاز کرسکیں۔ ایران کا پٹرولیم جیسی اسٹریٹجک مصنوعات میں خودکفیل ہونا امریکہ اور یورپی ممالک کا جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کے خلاف ایک اہم قدم سمجھا جائے گا۔ عالمی سطح پر جو بات اہمیت رکھتی ہے، وہ یہ ہے کہ ایران کے خلاف سخت ترین پابندیوں کے باوجود یہ ملک پٹرولیم کے شعبے میں خودکفیل ہونے کا اعلان کرنے جا رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 721724

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/721724/امریکی-پابندیوں-کا-جواب-ایران-پٹرول-میں-خودکفیل-ہوگیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org