QR CodeQR Code

امریکہ کے جوہری معاہدے سے جدا ہونے کے بعد

جوہری ایندھن بنانے کیلئے UF6 کارخانے نے کام شروع کر دیا، ایران اٹامک انرجی آرگنائزیشن

28 Jun 2018 11:53

اسلامی جمہوریہ ایران کے شہر اصفہان میں UF6 جوہری ایندھن بنانے کیلئے بنائی گئی پہلی لیبارٹری نے کام شروع کر دیا ہے۔ واضح رہے حالیہ دنوں میں انقلاب اسلامی ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ملک کی اٹامک انرجی آرگنائزیشن کو حکم دیا تھا کہ فوری طور پر جوہری سرگرمیاں شروع کی جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ ایران کی اٹامک انرجی آرگنائزیشن نے اعلان کیا ہے کہ UF6 کی پروڈکشن کیلئے اصفہان میں جوہری ایندھن بنانے والے ایک اہم کارخانے نے اپنا کام شروع کرد دیا ہے۔ یہ کارخانہ ایران کی جوہری صنعت میں خاص اہمیت کا حامل ہے۔ ایران کی تاریخ میں تقریبا 9 سال کے عرصے کے بعد پہلی مرتبہ اس کارخانے میں یلو کیک یعنی یورینیم آکسائیڈ ڈالا گیا ہے۔
 


UF6 پروڈکشن فیکٹری اصفہان کے UCF کمپلیکس میں واقع ہے جو گذشتہ 9 سالوں سے یلو کیک کی کمی کی وجہ سے بند پڑا تھا۔ ایران کے عالمی طاقتوں کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے کے بعد ملک کے اندر تیار کیا گیا اور باہر سے درآمد شدہ یلو کیک اب اس کارخانے کو چلانے کیلئے ضروری مقدار میں فراہم ہو چکا ہے۔ امریکہ کے ایرانی جوہری معاہدے سے جدا ہونے کے بعد حال ہی میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای نے ملک کی ایٹمی آرگنائزیشن کو حکم دیا تھا کہ جوہری سرگرمیاں دوبارہ شروع کی جائیں۔ البتہ یہ سرگرمیاں فی الحال عالمی طاقتوں کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے کی حدود کے اندر ہی انجام پائیں گی۔


خبر کا کوڈ: 734212

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/734212/جوہری-ایندھن-بنانے-کیلئے-uf6-کارخانے-نے-کام-شروع-کر-دیا-ایران-اٹامک-انرجی-آرگنائزیشن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org