تحریک طالبان پاکستان افغان طالبان کا حصہ تھی جسے پاکستان نے بنایا تھا، افغان سفیر
5 Jul 2018 21:55
یہ الزامات اس وقت سامنے آئے جب افغان سفیر اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سابق ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل اطہر عباس کے درمیان اسلام آباد میں منعقدہ ایک سیمینار میں گرم جملوں کا تبادلہ ہوا۔
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں تعینات افغان سفیر ڈاکٹر عمر زخیلوال نے الزام لگایا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان افغان طالبان کا حصہ تھی جسے پاکستان نے بنایا تھا۔ یہ الزامات اس وقت سامنے آئے جب افغان سفیر اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سابق ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل اطہر عباس کے درمیان اسلام آباد میں منعقدہ ایک سیمینار میں گرم جملوں کا تبادلہ ہوا۔ افغان سفیر کا کہنا تھا کہ طالبان کو پاکستان نے بنایا اور تحریک طالبان پاکستان کے پاس ملک کے مختلف علاقوں کا کنٹرول تھا جبکہ لال مسجد پر بھی طالبان کا کنٹرول تھا۔ افغان سفیر کے ریمارکس پر جنرل (ر) اطہر عباس کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کبھی افغان حکومت پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ سیاسی عمل سے امن کے لئے کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کی طرح پاکستان بھی اس قسم کی مشکلات سے گزرا ہے، افغان تنازعہ سے پاکستان اور پاکستانی عوام کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا نے امید ظاہر کی ہے کہ 2018ء کے عام انتخابات کے بعد پاک بھارت تعلقات میں بہتری آئے گی۔ اسلام آباد میں اس ہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اجے بساریا کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات 1999ء کے بعد سے کشیدگی شکار تھے تاہم ہمیں امید ہے کہ پاکستان میں عام انتخابات کے بعد پاک بھارت تعلقات میں بہتری آئے گی۔ رواں سال مارچ میں دفتر خارجہ اور بھارتی وزارت خارجہ کے امور کی جانب سے اعلان کئے جانے والے معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے بھارتی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں مشترکہ معاہدہ طے پا گیا ہے کہ دونوں اطراف کے سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ: 735953