QR CodeQR Code

اختلافات اپنی جگہ برقرار رہیں گے، لیکن الیکشن میں تحریک لبیک کی حمایت کریں گے، اشرف جلالی

20 Jul 2018 18:22

تحریک لیبک اسلام کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم واضح کرتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف بدی کے محور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جماعتیں چوروں کی جماعتیں ہیں جن کی ہم حمایت نہیں کر سکتے، ان کی حمایت کا مطلب ہے کہ ہم نے بدی کو ووٹ دیا، وہ بددیانت افراد پارلیمنٹ میں جائیں گے اور ایک بددیانت شخص کو وزیراعظم چن لیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک اسلام(جلالی گروپ) کے سربراہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ ان کے تحریک لبیک (خادم رضوی گروپ) کیساتھ اختلافات برقرار ہیں لیکن اختلافات کے باوجود جہاں ہمارا امیدوار نہیں اس حلقے میں ہم تحریک لبیک (خادم رضوی گروپ) کی حمایت کریں گے۔ اشرف جلالی نے گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ وہ اپنے حریف دھڑے کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعلان ہمارے کارکنوں کیلئے حیران کن ہوگا اور ممکن ہے انہیں جلد اس فیصلے کی سمجھ بھی نہ آئے لیکن ہم واضح کرتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف بدی کے محور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جماعتیں چوروں کی جماعتیں ہیں جن کی ہم حمایت نہیں کر سکتے، ان کی حمایت کا مطلب ہے کہ ہم نے بدی کو ووٹ دیا، وہ بددیانت افراد پارلیمنٹ میں جائیں گے اور ایک بددیانت شخص کو وزیراعظم چن لیں گے۔ اشرف جلالی کا کہنا تھا کہ جس طرح نیکی کا صلہ جاریہ ہوتا ہے کہ جب تک وہ نیکی برقرار رہتی ہے آپ کو اس کا اجر ملتا رہتا ہے اسی طرح بدی کا صلہ بھی جاریہ ہے، ہم نے اگر بددیانت کو منتخب کیا تو وہ جتنی گناہ، کرپشن اور بددیانتیاں کرتا رہے گا اس کا عذاب ہمارے ووٹ دینے والے کے کھاتے میں بھی لکھا جاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ان تین جماعتوں کو ووٹ دینے کے بجائے عقیدہ ختم نبوت کیلئے کام کرنیوالے دیندار اور امانت دار لوگوں کو ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تحریک لبیک (خادم رضوی گروپ) کے امیدوار ہمارے لئے قابل احترام اور ایماندار ہیں، اسی لئے ہمارے ووٹرز انہیں ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت سے حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں جن حلقوں میں ہمارے امیدوار نہیں وہاں ووٹرز تحریک لبیک کے امیدواروں کو ووٹ دیں۔


خبر کا کوڈ: 739059

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/739059/اختلافات-اپنی-جگہ-برقرار-رہیں-گے-لیکن-الیکشن-میں-تحریک-لبیک-کی-حمایت-کریں-اشرف-جلالی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org