QR CodeQR Code

نون لیگ کی انتخابی مہم میں جی بی کے سرکاری وسائل کے استعمال کا نوٹس لیا جائے، تحریک انصاف

23 Jul 2018 11:27

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے صدر راجہ جلال حسین، جنرل سیکرٹری فتح اللہ خان اور رکن اسمبلی راجہ جہانزیب نے کہا کہ وزیراعلٰی حفیظ الرحمٰن نے پہلے ایک مجرم کے استقبال کیلئے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا، اب انتخابی مہم میں بھی سرکاری وسائل کا استعمال کیا جا رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف گلگت بلتستان نے نیب سے مطالبہ کیا ہے کہ نوازشریف کے استقبال اور نون لیگ کی انتخابی مہم میں وزیراعلٰی اور کابینہ کی جانب سے سرکاری گاڑیوں سمیت سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال کا نوٹس لے، نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے صوبائی صدر راجہ جلال، جنرل سیکرٹری فتح اللہ خان، رکن اسمبلی راجہ جہانزیب اور دیگر عہدیداروں نے کہا کہ نوازشریف کے استقبال کے بعداب مسلم لیگ نون کی انتخابی مہم میں گلگت بلتستان کے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال ہو رہا ہے، نیب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیراعلٰی کی کرپشن کا نوٹس لے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون نے عوام کی امنگوں کے برخلاف آرڈر لاگو کیا تھا جس کو ہم نے ختم کروا دیا، فاٹا کو حقوق دینے میں تحریک انصاف نے کردار ادا کیا اسی طرح گلگت بلتستان کو بھی آئینی حقوق دلانے میں بھی بھرپور کردار ادا کریگی۔

انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں کی طرح گلگت بلتستان کو بھی اکائی تسلیم کیا جائے، اگر یہ ممکن نہیں ہے تو کشمیر طرز کا سیٹ اپ دیا جائے، انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو آئینی حقوق نہ ملنے کی وجہ پیپلزپارٹی اور نون لیگ ہے، سابق وزیراعلٰی آٹھویں پاس تھے جبکہ موجودہ وزیراعلٰی مدرسے کا طالبعلم ہے، اس لئے یہ لوگ حقوق دلانے میں ناکام رہے، تحریک انصاف میں پڑھے لکھے لوگ ہیں پاکستان کی طرح گلگت بلتستان میں بھی تبدیلی آئیگی۔ پی ٹی آئی کی حکومت آنے کی صورت میں ہماری کوشش ہوگی کہ گلگت بلتستان کو تاجکستان سے جوڑا جائے، نیب کو ایکٹیو کیاجائے گا، گلگت بلتستان میں بڑے بڑے چوروں کا احتساب ہوگا۔
 


خبر کا کوڈ: 739779

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/739779/نون-لیگ-کی-انتخابی-مہم-میں-جی-بی-کے-سرکاری-وسائل-استعمال-کا-نوٹس-لیا-جائے-تحریک-انصاف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org