0
Saturday 18 Aug 2012 21:34

عیدالفطر کے موقع پر ملی یکجہتی کونسل کے صدر قاضی حسین احمد کا پیغام

عیدالفطر کے موقع پر ملی یکجہتی کونسل کے صدر قاضی حسین احمد کا پیغام
اسلام ٹائمز۔ سابق امیر جماعت اسلامی و ملی یکجہتی کونسل کے صدر قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کو اللہ کی فرماں برداری میں بسر کرنے والوں، عبادت گزاروں، غریبوں و محروموں کی مدد کرنے والوں، اپنے واجبات ادا کرنے والوں اور اللہ سے طلبِ مغفرت و رحمت کرنے والوں کی خدمت میں وہ عید سعید کی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ آج جبکہ ہم عید منا رہے ہیں، ہمارا وطن پاکستان اور عالم اسلام مشکل حالات میں گھرا ہوا ہے اور ان تمام مشکلات کی بنیادی وجہ باہمی اعتماد و یکجہتی کی کمی اور عالم اسلام میں اغیار کی بے جا مداخلت ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے لیے ایسے حکمرانوں کا انتخاب کریں جو اللہ پر ایمان رکھتے ہوں اور اس ایمان کی وجہ سے ان کی روح آزاد ہو اور وہ غیروں کے احکام ماننے کے بجائے اپنے اللہ کے حکم کے مطابق عمل کریں۔ 

یہ امر خوش آئند ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان اس صورت حال کا ادراک کر رہے ہیں اور مثبت تبدیلیوں کے لیے کوشاں ہیں۔ پاکستان میں مختلف مسالک کی مذہبی جماعتوں کا ملی یکجہتی کونسل میں اکٹھے ہو جانا اسی ادراک کا ایک اظہار ہے۔ ہم پاکستان کی حکومت، تمام سیاسی جماعتوں اور مسلح افواج سے تقاضا کرتے ہیں کہ وہ اس ملک کو ہر طرح کی غیرملکی مداخلت سے پاک کرکے اس ملک کی عزت وافتخار کو بحال کریں۔ دنیا کی بڑی طاقتوں کے ایماء پر فیصلے کرنے کے بجائے ملک و قوم کے مفاد میں آزادانہ فیصلے کرنے کی روش اختیار کریں۔

رمضان المبارک کے دوران میں ملک کے مختلف شہروں، خاص طور پر استور کے راستے میں بےگناہ مسافروں کا المناک قتل نیز کوئٹہ، کراچی، پشاور اور کامرہ وغیرہ میں پیش آنے والے دہشت گردانہ واقعات پر میں رنج و غم کا اظہار کرتا ہوں اور عید سعید کے موقع پر ان غم ناک واقعات میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتا ہوں۔

عیدالفطر جو مسلمانوں کے نزدیک ایک مذہبی تہوار ہے، کے موقع پر ہمیں چاہیے کہ ستم رسیدہ، پسماندہ اور محروم لوگوں کو یاد رکھیں اور انھیں عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ اسلام نے دیگر مذاہب و ادیان سے تعلق رکھنے والے انسانوں سے بھی حسنِ سلوک کی تعلیم دی ہے۔ عید کے موقع پر ہمیں غیر مسلم محروم افراد کی مدد کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے۔ اللہ تعالٰی مسلمانوں اور دنیا بھر کے محروم و مظلوم انسانوں کو موجودہ مشکلات سے نجات عطا فرمائے اور کشمیر، فلسطین اور دیگر خطوں میں آزادی کے لیے کوشاں مسلمانوں کو کامیابی نصیب فرمائے، برما کے مظلوم مسلمانوں کو ظالموں کے شر سے نجات عطا فرمائے۔
خبر کا کوڈ : 188617
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش