QR CodeQR Code

شہید علامہ عارف الحسینی اور قیادت کے نشیب و فراز(3)

5 Aug 2019 06:41

اسلام ٹائمز: یہ بات بھی ریکارڈ پر ہے کہ بھکر کے جس اجتماع میں شہید عارف الحسینی کو تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی سپریم کونسل نے قائد منتخب کیا، اسکے بعض اراکین نئی عبا اور نیا عمامہ پہن کر آئے تھے کہ قیادت کی ذمہ داری انکے کاندھوں پر آجائے گی۔ بھکر کنونشن میں آپکی قیادت کے اعلان کے ساتھ بعض شرکاء نے کسی اور عالم دین کا نام بھی سامنے لانے کی کوشش کی، لیکن آئی ایس او کے نوجوانوں نے ایسے جوش و جذبے سے شہید حسینی کے نام کے نعرے بلند کیے کہ کمزور آوازیں جوانوں کے نعروں کی گونج میں گم ہوگئیں۔


تحریر: ڈاکٹر راشد عباس

آج شہید کی شہادت پر لکھنے کو دل کر رہا تھا لیکن جس موضوع کو چھیڑ بیٹھا ہوں، اسے نامکمل چھوڑنا مناسب نہیں، کیونکہ دوستوں کی ایک بڑی تعداد تعریف و تنقید کے پھول برسا رہی ہے، لہذا شہادت کے موضوع کو اگلی کسی قسط پر چھوڑتا ہوں۔ البتہ پانچ اگست کی رات ہمیشہ پرانے زخموں کو تازہ کر دیتی ہے۔ شہید اور شہید کے ہم سفر مرحوم اور زندہ دوستوں کی تصاویر ایک فلم کی طرف ذہن مین چلنا شروع ہو جاتی ہیں۔ ہر سال جب یہ یاد زیادہ تڑپاتی ہے تو پرنم آنکھوں سے قلم لے کر کاغذ پر ٹوٹے پھوٹے الفاط میں اپنے احساسات و جذبات کو تحریر کرنا شروع کر دیتا ہوں۔ خدا کرے کہ اس سال بھی کوئی قابل استفادہ تحریر لکھنے میں کامیاب ہو جائوں۔ قیادت سے پہلے کی شہید حسینی کی زندگی پر جب قلم اٹھایا تو پہلے مرحلے میں ذاتی یاداشتوں سے استفادہ کیا، لیکن بعد میں شہید کی قیادت سے پہلے اور بعد کی ٹیم کے ایک دو افراد سے بھی کچھ معلومات حاصل کیں۔

ایران کے اسلامی انقلاب کے بعد تہران میں ایک بین الاقوامی ادارہ "نہضت ہای آزادی بخش" یعنی "آزادی پسندوں کی تحریکیں" تشکیل پایا، اس میں تقریباً ان تمام ممالک کے افراد شامل تھے، جہاں اسلامی تحریکیں کمزور یا مضبوط وجود رکھتی تھیں۔ ان ممالک کی تنظیموں کو منظم کرنے کے لیے تہران میں ایک بہت بڑی عمارت لی گئی اور اس میں ان تنظیموں کے الگ الگ دفاتر بنائے گئے، ان دفاتر میں ایک دفتر پاکستان کا بھی تھا، جس میں شہید حسینی کی ٹیم کا ایک فرد آفس انچارج کی حیثیت سے مستقل رہتا تھا جبکہ قم و تہران سے مختلف افراد اس دفتر میں اپنی تنظیمی سرگرمیاں انجام دیتے تھے۔ جن چند کاموں کا میں نے گذشتہ کالموں میں ذکر کیا، ان میں اکثر امور اس دفتر یا قم کے مدرسہ رسالت میں انجام پاتے تھے۔ انقلاب کی جن بڑی شخصیات سے شہید حسینی کے تعلقات تھے، ان میں آیت اللہ شہید مطہری اور شہید بہشتی کا نام لیا جا سکتا ہے۔ جن سے شہید حسینی نے علمی کے ساتھ ساتھ تنظیمی استفادہ بھی کیا۔ یہ موضوع اپنی جگہ پر کافی اہم ہے، اس کو بھی تاریخ کا حصہ بننا چاہیئے۔

شہید حسینی کے ایک قریبی ساتھی کے بقول شہید حسینی نے قم میں وفاق علماء شیعہ نامی علماء کی تنظیم بنانے میں سرگرم کردار ادا کیا تھا، لیکن بعد میں کچھ اختلافات باہمی دوری کا باعث بنے۔ ایک عینی شاہد کے مطابق جب پاکستان میں شہید عارف الحسینی کا قائد کی حیثیت سے انتخاب ہوا تو قم میں سینیئر طلاب میں گومگو کی حالت تھی، یہی وجہ ہے کہ جب وفاق العلماء شیعہ قم کی طرف سے اجتماع منعقد ہوا تو کئی طلباء کو اس  بات کا علم نہیں تھا کہ یہ جلسہ علامہ عارف الحسینی کی حمایت میں ہوگا یا مخالفت میں۔ دورغ بر گردن راوی کی مخصوص اصطلاح و ترکیب کا سہارا لیتے ہوئے یہ بات لکھ رہا ہوں کہ اس اجتماع میں شرکت کرنے والے مدرسہ رسالت کے اس وقت کے ایک طالبعلم نے مجھے خود بتایا تھا کہ جب ہمیں یہ معلوم ہوا کہ علامہ حسینی کو قائد بنا دیا گیا ہے تو مدرسہ رسالت کے روح روان اور شہید عارف الحسینی کے انتہائی قریبی ساتھی علامہ جواد ہادی نے آہ بھر کر کہا کہ یہ کام بہت جلد ہوگیا، کاش قدرے تاخیر سے ہوتا۔

بہرحال مدرسہ رسالت کے اس سابق طالبعلم کے مطابق مدرسہ رسالت کے چند طلباء نے خفیہ میٹنگ کی اور آپس میں عہد کیا کہ اگر یہ جلسہ قائد کی مخالفت میں ہوا تو ہم اس جلسے کو نہیں ہونے دیں گے اور جونہی اس اجتماع میں علامہ عارف حسین الحسینی کی مخالفت کا اعلان ہوگا تو ہم شور شرابا کرکے جلسہ خراب کر دیں گے۔ قم کے طلباء کے اس جلسے میں جو غالباً وفاق علماء شیعہ کے پلیٹ فارم سے ہو رہا تھا، علامہ عارف حسین الحسینی کی مکمل تائید کا اعلان کیا گیا اور طلباء ایک ممکنہ انتشار سے محفوظ رہے۔ اس جلسے کی روداد سناتے ہوئے ایک دوست کا کہنا ہے کہ جلسے کے طے شدہ مقررین میں کسی کو علامہ عارف الحسینی کے بارے میں اتنی معلومات نہ تھیں کہ وہ اس پر روشنی ڈالتے، لہذا علامہ جواد ہادی نے شہید عارف الحسینی کا مفصل تعارف کرایا۔

میں جو موقف لے کر آگے بڑھ رہا ہوں، وہ یہ تھا کہ شہید عارف حسین الحسینی اتنی گمنام شخصیت نہ تھے کہ نجف و قم کے بزرگ علماء ان سے متعارف نہ ہوں، البتہ مفتی جعفر حسین مرحوم کے بعد بزرگ علماء کی موجودگی میں ان کا قائد بننا ضرور اچھنبے کی بات تھی۔ یہ بات بھی ریکارڈ پر ہے کہ بھکر کے جس اجتماع میں شہید عارف الحسینی کو تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی سپریم کونسل نے قائد منتخب کیا، اس کے بعض اراکین نئی عبا اور نیا عمامہ پہن کر آئے تھے کہ قیادت کی ذمہ داری ان کے کاندھوں پر آجائے گی۔ بھکر کنونشن میں آپ کی قیادت کے اعلان کے ساتھ بعض شرکاء نے کسی اور عالم دین کا نام بھی سامنے لانے کی کوشش کی، لیکن آئی ایس او کے نوجوانوں نے ایسے جوش و جذبے سے شہید حسینی کے نام کے نعرے بلند کیے کہ کمزور آوازیں جوانوں کے نعروں کی گونج میں گم ہوگئیں۔ آج کی قسط کا اختتام اس پر کرتا ہوں کہ شہید عارف الحسینی نے قیادت کو باقاعدہ قبول کرنے سے پہلے قصر زینب میں شریک تمام علماء سے حضرت زینب کی ضریح کی شبیہ پر ہاتھ رکھ کر عہد لیا تھا کہ تمام علماء اس عظیم اور دشوار ذمہ داری میں ان کا ساتھ دیں گے۔ جن علماء نے بعد میں عہد کرنے کے باوجود ایفائے عہد نہیں کیا، اگر انہوں نے ابھی تک توبہ نہیں کی تو اس پانچ اگست کے دن یہ اقدام ضرور انجام دیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔جاری ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


خبر کا کوڈ: 808946

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/808946/شہید-علامہ-عارف-الحسینی-اور-قیادت-کے-نشیب-فراز-3

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org