فلسطینی بچوں سے صیہونی فوجیوں کا ظالمانہ رویہ
30 Jun 2022 22:58
اپنے بیان میں مشرق وسطیٰ میں یونیسیف کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ اس سال کے آغاز سے مغربی کنارے میں تیرہ فلسطینی بچے مارے جا چکے ہیں اور یہ تعداد گذشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً دوگنی ہوگئی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ فلسطین میں عینی شاہدین نے دو بچوں کے رونے کی ایک ویڈیو جاری کی، جو صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں اپنے والدین کو حراست میں لینے کے بعد بے یار و مددگار ہوگئے۔ صیہونی پولیس نے گذشتہ رات (بدھ) جنوبی قدس کے علاقے "صور باھر" میں ایک فلسطینی جوڑے کو گرفتار کیا، جو اپنے دو بچوں کے ساتھ گاڑی چلاتے ہوئے گھر جا رہے تھے۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق، اسرائیلی پولیس نے گاڑی کو روک کر انہیں گاڑی سے باہر نکلنے پر مجبور کیا۔ اس ازدواجی جوڑے کے دو بچے، جن میں سے ایک شیرخوار تھا، کو ان کے والدین کی حراست کے دوران کار میں چھوڑ دیا گیا، یہانتک کہ صیہونی فوج نے بچوں کے مسلسل رونے کو بھی نظر انداز کر دیا۔ یہ امر بھی قابل غور ہے کہ حال ہی میں اقوام متحدہ کے زیر نظر بچوں کے حقوق کے لئے قائم ادارے (یونیسیف) نے جنوری 2022ء سے اب تک مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں 13 فلسطینی بچوں کی شہادت کی خبر دی ہے۔
خبر کا کوڈ: 1002032