QR CodeQR Code

وفاق اور پنجاب دونوں حکومتیں ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہیں، وسیم اختر

22 Sep 2011 22:15

اسلام ٹائمز:خانیوال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پنجاب کے امیر کا کہنا تھا کہ غریب عوام خودکشیاں کر رہے ہیں جبکہ حکمران اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں، مہنگائی، بےروزگاری، لاقانونیت، دہشتگردی اور ڈرون حملوں جیسے سنگین مسائل نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔


خانیوال:اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومتیں ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہیں، قوم کی نظریں اب جماعت اسلامی پر ہیں، غریب عوام خودکشیاں کر رہے ہیں جبکہ حکمران اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے خانیوال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکمران ملکی خزانے کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں، مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت، لوڈشیڈنگ، معاشی بدحالی، کرپشن، دہشت گردی اور ڈرون حملوں جیسے سنگین مسائل نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے، ایل پی جی اور پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کرکے عام آدمی کو پریشان کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ملک خاص طور پر سندھ کے علاقوں میں بہت بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، عوام بہت پریشان ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ حکومتی اداروں کا متاثرین سیلاب کو ریلیف پہنچانے کا کام انتہائی سست روی کا شکار ہے، انہوں نے کہا کہ پچھلے سال بھی ڈینگی بخار آیا تھا اور ماہرین نے کہا تھا کہ اس کا حملہ اگلے سال بھی ہو گا مگر پنجاب اور وفاقی حکومت نے کوئی پلاننگ نہیں کی جس کی وجہ سے اب تک 82 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور ہزاروں ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔


خبر کا کوڈ: 100744

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/100744/وفاق-اور-پنجاب-دونوں-حکومتیں-ہر-محاذ-پر-ناکام-ہو-چکی-ہیں-وسیم-اختر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org