QR CodeQR Code

کے پی میں ٹی ٹی پی کے مخالف گروپ حالات خراب کررہے ہیں، بیرسٹر سیف

16 Aug 2022 22:58

صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں معاون خصوصی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ تحریک طالبان پاکستان کیساتھ معاملات درست ہیں، وہ ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث نہیں۔ دو ہزار مسلح افراد بھی آجائیں تو مقابلہ کرسکتے ہیں۔ ٹینک، توپیں اور جہاز ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ کے پی میں ٹی ٹی پی کے مخالف گروپ حالات خراب کر رہے ہیں، امارات افغانستان اسلامی نے ٹی ٹی پی سے مذاکرات شروع کرائے اور سیز فائر ہے۔ کے پی حکومت کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا کہ کے پی میں ٹی ٹی پی کے مخالف گروپ حالات خراب کررہے ہیں۔ تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ معاملات درست ہیں، وہ ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو ہزار مسلح افراد بھی آجائیں تو مقابلہ کرسکتے ہیں۔ ٹینک، توپیں اور جہاز ہیں۔ چند ہزار کلاشنکوفیں حکومت کی راہ نہیں روک سکتیں۔ سوات آنے والے چالیس، پچاس افراد تھے جن کے پاس عام رائفلیں تھیں۔

بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ ڈی ایس پی سادہ کپڑوں میں تھے جو مسلح افراد کے ساتھ فائرنگ میں زخمی ہوئے۔ وہ لوگ واپس چلے گئے اور ان پہاڑوں پر اب پولیس موجود ہے۔ دو، تین دن کا مسئلہ تھا جو حل ہوگیا۔ جو بھی ریاست کو چیلنج کرے گا تو ریاست نمٹنا جانتی ہے۔ بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ سوات میں صورتحال پرامن طریقے سے بحال ہوگئی ہے، وزیراعلیٰ نے اپنی نگرانی میں سارے کام کئے اور صورت حال کو کنٹرول کرلیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1009526

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1009526/کے-پی-میں-ٹی-مخالف-گروپ-حالات-خراب-کررہے-ہیں-بیرسٹر-سیف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org