QR CodeQR Code

آل پارٹیز کانفرنس، وزیراعظم نے پرویز مشرف کی جماعت سمیت متعدد پارٹیاں نظرانداز کر دیں

26 Sep 2011 20:59

اسلام ٹائمز:امریکی دھمکیوں کے بعد وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے آل پارٹیز کانفرنس طلب کی ہے جس میں تمام مذہبی وسیاسی جماعتوں سے آراء لے کر امریکی دھمکیوں کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا، امریکہ نے حالیہ دھمکیوں میں حقانی نیٹ ورک سے تعلقات کا الزام عائد کرکے حملہ کی دھمکی دی ہے جس پاکستان نے سنجیدہ لیا ہے


لاہور:اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے امریکی دھمکیوں پر 29 ستمبر کو بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر مذہبی امور مسلم لیگ (ضیاء الحق) کے صدر اعجاز الحق اور حکومتی اتحادی جماعت (بی این پی) عوامی کے سربراہ وفاقی وزیر سینیٹر میر اسرار اللہ زہری، جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سینیٹر ساجد میر، اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ ساجد نقوی، جے یو آئی (س) کے مولانا سمیع الحق، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے محمود خان اچکزئی، بلوچستان نیشنل پارٹی (ڈاکٹر عبدالمالک گروپ) اور بی این پی (مینگل گروپ) کو تاحال شرکت کی دعوت نہیں دی۔
وزیراعظم نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کیلئے 30 سے زائد سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کو شرکت کی دعوت دی ہے، تاہم پرویز مشرف کی مسلم لیگ کو کوئی دعوت نامہ نہیں بھجوایا گیا جبکہ اعجاز الحق سے بھی وزیراعظم نے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا۔ حیران کن بات یہ ہے کہ مرکز اور بلوچستان میں پی پی پی کی اہم اتحادی جماعت بی این پی عوامی کو بھی نظرانداز کر دیا گیا ہے اور ابھی تک وزیراعظم نے وفاقی وزیر میر اسرار اللہ زہری کو بھی اے پی سی میں شرکت کی دعوت نہیں دی۔


خبر کا کوڈ: 101690

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/101690/آل-پارٹیز-کانفرنس-وزیراعظم-نے-پرویز-مشرف-کی-جماعت-سمیت-متعدد-پارٹیاں-نظرانداز-کر-دیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org