QR CodeQR Code

یوم عاشور پر پرامن رہنے پر طالبان کے بھی شکرگزار ہیں، رحمان ملک

6 Dec 2011 23:42

اسلام ٹائمز:وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران علما اور انتظامیہ کے درمیان بہترین تعاون رہا، رحمان ملک نے کہا کہ کراچی کے گذشتہ روز کے دونوں دھماکے گیس سلنڈر کے نہیں تھے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ وہ یوم عاشور پر پرامن رہنے پر طالبان کے شکرگزار ہیں، وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر حسین حقانی کا نام ای سی ایل پر ڈال دیا ہے۔ وزارت داخلہ میں قائم نیشنل کرائسسز مینجمنٹ سیل کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران علما اور انتظامیہ کے درمیان بہترین تعاون رہا، رحمان ملک نے کہا کہ کراچی کے گذشتہ روز کے دونوں دھماکے گیس سلنڈر کے نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان نے محرم کے دوران پرامن رہنے کی ان کی اپیل پر عمل کیا ہے اور پرامن رہنے پر طالبان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔
رحمان ملک نے کہا کہ وہ پھر اپیل کرتے ہیں کہ طالبان ہتھیار ڈال کر ملکی سلامتی کیلئے آگے آئیں۔ انہوں نے بتایا کہ موبائل سروس کو مجبورا بند کرنا پڑا، رحمان ملک نے بتایا کہ آج رات 8 بجے کے بعد موبائل سروس بحال کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسامہ بن لادن کی بیواوٴں کو بیرون ملک بھیجنے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، رحمان ملک نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر حسین حقانی کا نام ای سی ایل پر ڈالا جاچکا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان کے وزیر داخلہ رحمان ملک نے یوم عاشور نسبتاً پرامن طور پر گزر جانے پر طالبان کا شکریہ ادا کیا ہے اور مستقبل میں ان کے ساتھ بات چیت کا بھی اشارہ دیا ہے۔ منگل کو نویں محرم اور یوم عاشور کے جلوسوں کے اختتام پر اسلام آباد میں ایک اخباری بریفنگ سے خطاب کرتے وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ عشرہ محرم کے دوران سکیورٹی کے انتظامات کے لیے وفاقی وزارت داخلہ نے صوبائی حکومتوں کو جو ہدایات دی تھیں ان پر پوری طرح عمل کیا گیا اور شدت پسند عناصر ملک میں جو گڑ بڑ کرنا چاہتے تھے وہ نہیں کر سکے۔
انہوں نے یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر میں کوئی بڑی گڑبڑ نہ ہونے پر تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، چیف اور داخلہ سیکریٹریوں کے علاوہ پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مبارکباد دی اور ساتھ ہی طالبان کے لیے تشکر کے جذبات کا اظہار کیا۔
انھوں نے اس موقع پر کہا کہ میں نے طالبان سے اپیل کی تھی کہ محرم الحرام کا احترام کیا جائے اور میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انھوں نے بھی اس بار احترام کیا ہے اور یہ خوش آئندہ ہے۔
رحمان ملک نے طالبان کے ساتھ بات چیت کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ آئیں ہتھیار پھینک دیں اور پاکستان میں مل جل کر کام کرتے ہیں اور یہ پیشکش آج بھی میری طالبان کو ہے۔
رحمان ملک کے مطابق جہاں میں پوری کمیونٹی، علماء کرام کا شکریہ ادا کر رہا ہوں وہیں ان لوگوں کا بھی شکریہ ادا کروں گا، جنھوں نے محرم میں تشدد ختم کرنے میں ہمارا ساتھ دیا۔
یاد رہے کہ رحمان ملک ماضی میں طالبان کے خلاف سخت مؤقف کا اظہار کرتے رہے ہیں اور انہیں ظالمان کہہ کر پکارتے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ماضی میں طالبان کو مذاکرات کی مشروط پیشکش بھی کر چکے ہیں۔ رحمان ملک نے نیوز بریفنگ میں مزید کہا کہ محرم کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا اور تیسری طاقت کی حکمت عملی کو کامیاب نہیں ہونے دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں نویں محرم اور یوم عاشور کے ماتمی جلوسوں کے موقع پر سکیورٹی کے سخت حفاظتی انتطامات کیے گئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 120147

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/120147/یوم-عاشور-پر-پرامن-رہنے-طالبان-کے-بھی-شکرگزار-ہیں-رحمان-ملک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org