QR CodeQR Code

نواز شریف کی بے نظیر کے مزار پر حاضری عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنے کا ڈرامہ ہے، راجہ ریاض

12 Dec 2011 00:29

اسلام ٹائمز:فیصل آباد پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ نواز شریف بے نظیر بھٹو کے قاتل پکڑنے کی بجائے پولیس تشدد کا شکار ہونے والی حمزہ شہباز کی مبینہ بیوی عائشہ احد کو انصاف دلائیں۔


اسلام ٹائمز۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی کے سینئیر رہنما راجہ ریاض احمد نے کہا کہ نواز شریف نے بے نظیر بھٹو کے مزار پر جا کر سندھ کے عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنے کے لئے ٹوپی ڈرامہ کیا ہے۔ وہ وہاں بے نظیر بھٹو اور آصف زرداری کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرنے، جیل میں تکالیف دینے اور ان کے کمسن بچوں کو اذیت ناک ماحول سے گزارنے پر معافی مانگتے تو معلوم ہوتا کہ انہیں اپنی غلطیوں کا احساس ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر مسائل کی وجہ سے عوام تکلیف میں ہیں، اس کا ازالہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف بے نظیر بھٹو کے قاتل پکڑنے کی بجائے عائشہ احد کو انصاف دلائیں۔
 
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ فیصل آباد میں گیس کا بحران دو روز میں حل ہو جائے گا۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف زرداری صحت یاب ہو کر جلد وطن واپس آئیں گے۔ ان کی بیماری کے حوالے سے منفی پراپیگنڈا کرنے والے چھوٹے ذہن کے لوگ منفی سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری جدہ بھاگ جانے والوں کی طرح نہیں جائیں گے، حالات کا مقابلہ کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 121370

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/121370/نواز-شریف-کی-بے-نظیر-کے-مزار-پر-حاضری-عوام-ہمدردیاں-حاصل-کرنے-کا-ڈرامہ-ہے-راجہ-ریاض

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org