QR CodeQR Code

القاعدہ نے فرمان علی شنواری کو پاکستان میں اپنا نیا سربراہ مقرر کر دیا

30 Apr 2012 16:46

اسلام ٹائمز:بھارتی خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ فرمان شنواری کو گزشتہ سال شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ میں ہلاک ہونیوالے بدر منصور کی جگہ مقرر کیا گیا، فرمان شنواری کا تعلق لنڈی کوتل سے ہے، انگلش اور کمپیوٹر میں مہارت رکھتے ہیں


اسلام ٹائمز۔ القاعدہ نے فرمان علی شنواری کو پاکستان میں اپنا نیا سربراہ مقرر کر دیا۔ پیر کو بھارتی خبر رساں ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ القاعدہ کے دعوۃ ونگ کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ القاعدہ نے خیبر ایجنسی سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ فرمان علی شنواری کو پاکستان میں اپنا نیا سربراہ مقرر کر دیا ہے اور ان کی تقرری القاعدہ کے اعلیٰ قیادت کی منظوری اور مشاورت سے کی گئی ہے۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ فرمان علی شنواری کی پاکستان کے قبائلی علاقوں کے حوالے سے وسیع علم اور گزشتہ سال 9 فروری کو شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیارے کے میزائل حملے میں ہلاک ہونے والے القاعدہ کے رہنما بدر منصور کے قریبی ساتھی ہونے کی بناء پر تقرری کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن اور بدر منصور نے اسلام کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی دی۔

واضح رہے کہ فرمان علی شنواری کا تعلق خیبر ایجنسی کے علاقے لنڈی کوتل سے ہے اور وہ انگلش اور کمپیوٹر میں مہارت رکھتے ہیں۔ ان کا تعلق فوگا خیل کے شنواری قبیلے سے ہے اور ان کے پانچ بھائی ہیں۔ شنواری نے ڈگری کالج لنڈی کوتل سے کیمیا اور بیالوجی میں بی ایس سی کی اور پشاور یونیورسٹی میں فرسٹ ڈویژن میں انٹرنیشنل ریلیشنز میں ماسٹر ڈگری حاصل کی۔ فرمان علی شنواری لنڈی کوتل کے کئی نجی سکولوں میں استاد کے فرائض بھی سرانجام دے چکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 157831

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/157831/القاعدہ-نے-فرمان-علی-شنواری-کو-پاکستان-میں-اپنا-نیا-سربراہ-مقرر-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org