QR CodeQR Code

ساحل و وسائل پر کسی کو قبضہ کی اجازت نہیں دینگے، عبدالمالک بلوچ

20 Jul 2012 23:48

اسلام ٹائمز: نیشنل پارٹی کے سربراہ نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم بلوچ، پشتون اور تمام قوم پرست جماعتوں کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں اسلام آباد سے اپنے حقوق حاصل کریں۔


اسلام ٹائمز۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور سابق سینیٹر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مسخ شدہ نعشوں، فوجی آپریشن اور بدامنی کے واقعات جیسے عذاب کے خاتمے کیلئے پشتون بلوچ سمیت تمام اقوام کے رہنمائوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ پارٹی میں شامل ہو کر قوم دوستی اور جمہوریت پسندی کا ثبوت دیں۔ یہ بات انہوں نے سابق ضلع نائب ناظم سبی میر محمد اسلم گشکوری کی ساتھیوں سمیت نیشنل پارٹی میں شمولیت کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ڈاکٹر یاسین بلوچ، مرکزی کمیٹی کے ممبر چیف آف بیرک نواب محمد خان شاہوانی، مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسلم بلوچ، صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالخالق بلوچ اور سابق صوبائی وزیر محمد اسلم بلیدی بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ہماری پارٹی عوام دوست اور جمہوریت پسند جماعت ہے۔ ہم بلوچ پشتون سمیت تمام قوم پرستوں کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں مل کر اسلام آباد سے اپنے حقوق حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مسخ شدہ نعشیں مل رہی ہیں، لوگوں کو اغواء کیا جا رہا ہے۔ حکومت نام کی کوئی چیز نہ ہونے کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ میری پارٹی میر اسلم گشکوری کی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتی ہے، اور ہم امید رکھتے ہیں کہ ان کی شمولیت سے ہماری پارٹی سبی میں مزید مضبوط و مستحکم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کا پروگرام سب کے سامنے ہے۔ ہم نے بلوچستان کے عوام کے حقوق کیلئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ہمیشہ کوشش کی ہے ۔ہم اپنے ساحل و وسائل پر کسی صورت کسی کو قبضے کی اجازت نہیں دینگے۔


خبر کا کوڈ: 180671

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/180671/ساحل-وسائل-پر-کسی-کو-قبضہ-کی-اجازت-نہیں-دینگے-عبدالمالک-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org