0
Friday 20 Jul 2012 23:48

ساحل و وسائل پر کسی کو قبضہ کی اجازت نہیں دینگے، عبدالمالک بلوچ

ساحل و وسائل پر کسی کو قبضہ کی اجازت نہیں دینگے، عبدالمالک بلوچ
اسلام ٹائمز۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور سابق سینیٹر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مسخ شدہ نعشوں، فوجی آپریشن اور بدامنی کے واقعات جیسے عذاب کے خاتمے کیلئے پشتون بلوچ سمیت تمام اقوام کے رہنمائوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ پارٹی میں شامل ہو کر قوم دوستی اور جمہوریت پسندی کا ثبوت دیں۔ یہ بات انہوں نے سابق ضلع نائب ناظم سبی میر محمد اسلم گشکوری کی ساتھیوں سمیت نیشنل پارٹی میں شمولیت کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ڈاکٹر یاسین بلوچ، مرکزی کمیٹی کے ممبر چیف آف بیرک نواب محمد خان شاہوانی، مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسلم بلوچ، صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالخالق بلوچ اور سابق صوبائی وزیر محمد اسلم بلیدی بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ہماری پارٹی عوام دوست اور جمہوریت پسند جماعت ہے۔ ہم بلوچ پشتون سمیت تمام قوم پرستوں کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں مل کر اسلام آباد سے اپنے حقوق حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مسخ شدہ نعشیں مل رہی ہیں، لوگوں کو اغواء کیا جا رہا ہے۔ حکومت نام کی کوئی چیز نہ ہونے کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ میری پارٹی میر اسلم گشکوری کی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتی ہے، اور ہم امید رکھتے ہیں کہ ان کی شمولیت سے ہماری پارٹی سبی میں مزید مضبوط و مستحکم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کا پروگرام سب کے سامنے ہے۔ ہم نے بلوچستان کے عوام کے حقوق کیلئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ہمیشہ کوشش کی ہے ۔ہم اپنے ساحل و وسائل پر کسی صورت کسی کو قبضے کی اجازت نہیں دینگے۔
خبر کا کوڈ : 180671
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش