QR CodeQR Code

جماعت اسلامی کا اے این پی کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

2 Aug 2012 02:09

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر ابراہیم خان کا کہنا تھا کہ بجلی بحران کی جتنی ذمہ داری پیپلز پارٹی پر عائد ہوتی ہے اُتنی ہی اے این پی پر بھی عائد ہوتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کی اپوزیشن جماعتوں سے مشورے کے بعد جماعت اسلامی نے بجلی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے اے این پی کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہ کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے صوبائی دفتر المرکز اسلامی پشاور سے جاری کئے گئے ایک بیان میں جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ اے این پی کی صوبائی حکومت خود کو صوبے میں جاری بدترین بجلی لوڈشیڈنگ سے بری الذمہ قرار نہیں دے سکتی۔ اُنہوں نے کہا کہ بجلی بحران کی جتنی ذمہ داری پیپلز پارٹی پر عائد ہوتی ہے اُتنی ہی اے این پی پر بھی عائد ہوتی ہے۔ 

اُنہوں نے کہا کہ اے پی سی بلانا اپوزیشن جماعتوں کا کام ہوتا ہے جبکہ حکومتیں عوامی مسائل کے حل کے لئے اقدامات کرتی ہیں لیکن مرکزی اور صوبائی حکومت لوڈشیڈنگ کا مسٔلہ حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں۔  جس کی بڑی وجہ حکمرانوں کی کرپشن اور نااہلی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال تو اے این پی اور اُس کی صوبائی حکومت لوڈشیڈنگ کے مسٔلے پر خاموش رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انشاء اللہ تعالیٰ آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی برسراقتدار آکر صوبے کے حقوق کے تحفظ اور لوڈشیڈنگ اور دیگر مسائل سے عوام کو نجات دلائے گی۔


خبر کا کوڈ: 184192

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/184192/جماعت-اسلامی-کا-اے-این-پی-کی-آل-پارٹیز-کانفرنس-میں-شرکت-نہ-کرنے-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org