QR CodeQR Code

منتخب عوامی نمائندوں سے قانون سازی کا حق کوئی نہیں چھین سکتا، وزیراعظم

8 Aug 2012 22:50

اسلام ٹائمز: وزیراعظم ہاؤس میں پارٹی اجلاس اور افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ آئندہ بھی پیپلزپارٹی الیکشن جیت کر اکثریتی پارٹی بنے گی، وسائل میں رہتے ہوئے مسائل حل کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے پارلیمنٹرین کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا، جس میں پیپلزپارٹی اور اتحادی جماعتوں کے ارکان کے علاوہ چاروں صوبوں کے گورنرز اور وزرائے اعلٰی سمیت وزیراعلٰی گلگت بلتستان نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے افطار ڈنر میں اپوزیشن ارکان کی شرکت کو اچھی جمہوری روایات قرار دیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پارلیمان کی بالادستی اور منتخب عوامی نمائندوں سے قانون سازی کا حق کوئی نہیں چھین سکتا، جمہورت کی مضبوطی کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔

اس سے پہلے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے وزیراعظم بھی ورکر تھے اور وہ بھی ورکر ہیں۔ صدر کی ذہانت سے 123 ممبران کے ساتھ بہت سے چیلنجز حل کئے، انہوں نے کہا کہ 342 کا ایوان کسی ماہر تعمیرات نے سوچ سمجھ کر بنایا تھا، اس کا مقصد یہ تھا کہ کوئی جماعت اکثریت حاصل نہ کرسکے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئندہ بھی پیپلزپارٹی الیکشن جیت کر اکثریتی پارٹی بنے گی۔ وسائل میں رہتے ہوئے مسائل حل کریں گے، راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ارکان مایوس نہ ہوں، حکومت نے بہت کام کیا، لیکن ہمارے کام کو اس طرح نمایاں نہیں کیا گیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ توانائی بحران کے حل کیلئے سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں، جس پر بہت جلد قابو پالیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 185980

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/185980/منتخب-عوامی-نمائندوں-سے-قانون-سازی-کا-حق-کوئی-نہیں-چھین-سکتا-وزیراعظم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org